Mohammad Daood Mohsin کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب بھی اپنا خیال رکھا ہے (غزل)
اب بھی اپنا خیال رکھا ہے
ہم نے ایماں سنبھال رکھا ہے
نور مولا نہیں تو کیا ہے جہاں
خود کو ہر شے میں ڈھال رکھا ہے
گم ہوا کب کا بھیڑ میں انساں
شہر سارا کھنگال رکھا ہے
ہے یہ دیوانگی کہ معصومی
ایک طوفان پال رکھا ہے
جسم کی ٹوٹتی فصیلوں میں
ہم نے انساں بحال رکھا ہے
اے اجل چاؤ سے بہت ہم نے
نام تیرا وصال رکھا ہے
دیکھیں محسنؔ جواب کیا آئے
ان کے آگے سوال رکھا ہے
میں نے کہا کہ دل میں تو ارمان ہیں بہت (غزل)
میں نے کہا کہ دل میں تو ارمان ہیں بہت
اس نے کہا کہ آپ تو نادان ہیں بہت
میں نے کہا کہ مجھ کو ہے جنت کی آرزو
اس نے کہا کہ واقف ایمان ہیں بہت
میں نے کہا کہ مہکا ہوا اک گلاب ہوں
اس نے کہا زمیں پہ گلستان ہیں بہت
میں نے کہا کہ میری پناہوں میں آئیے
اس نے کہا کہ میرے نگہبان ہیں بہت
میں نے کہا کہ ایک مرصع غزل ہوں میں
اس نے کہا کہ ایسے تو دیوان ہیں بہت
میں نے کہا کہ ترک وفا سے ہوں شرمسار
اس نے کہا کہ ہم بھی پشیمان ہیں بہت
میں نے کہا کہ رکھے گا محسنؔ ادب کی لاج
اس نے کہا کہ ویسے تو امکان ہیں بہت