محمد اظہر شمس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترقی کا وہ دعویٰ کر رہا ہے (غزل)
ترقی کا وہ دعویٰ کر رہا ہے
مگر ہر شخص فاقہ کر رہا ہے
وہ دیکھے ہے مکانات بلندی
وہ اجڑے گھر سے پردہ کر رہا ہے
مفاد اولیت چاہنے میں
وہ انسانوں کا سودا کر رہا ہے
برابر میں کمی بیشی کو رکھ کر
ترقی کا ارادہ کر رہا ہے
دہائی دے کے وہ جمہوریت کی
نظام خواب رسوا کر رہا ہے
ہوئے حکام اب سارے لٹیرے
دل حالات نالہ کر رہا ہے
کل آج سے بہتر ہو آؤ یہ دعا مانگیں (غزل)
کل آج سے بہتر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
منصور و مظفر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
دنیا کی فصیلوں پر ہوں امن کی رعنائی
نے خون نہ خنجر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
ہیں چاہ میں اقرا کی اس علم دو عالم میں
ہر قطرہ سمندر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
جو تفرقہ ہم میں ہے نشتر کے مماثل ہے
اب دور یہ نشتر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
چھوٹا نہ بڑا کوئی بندے ہیں سبھی رب کے
عالی نہ ہو کمتر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
صالح تھا عمل جب تک سردار رہے ہم ہی
پھر ہم میں عمل گر ہو آؤ یہ دعا مانگیں
صدیاں قطار در قطار کھڑی ہیں (نظم)
صدیاں قطار در قطار کھڑی ہیں
اپنی جگہ ساکت و جامد
بڑے تجسس سے دیکھتی ہیں
ایک دوسرے سے باتیں کرتی ہیں
اسی ایک مسئلے پر
جسے حل نہ کر پانے کا افسوس ہے
پیشانی پہ بنتی بگڑتی
لکیروں کی شکل میں نمایاں ہے
جسے حل کرنے کے لئے اللہ نے
کتنے ہی نبی اور اوتار زمین پر بھیجے
انھوں نے اپنے کلام سے اس زمیں کو سرفراز کیا
وقت گزرتا رہا گزرتا رہا گزرتا رہا
مگر مسئلہ ویسے کا ویسا ہی ہے اب بھی
بالکل پہلے کی طرح
بلکہ پہلے سے بھی زیادہ خوفناک شکل میں
وہی مسئلہ
آدمی کے انسان بننے کا