پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Azeem کی غزلیں — Mohammad Azeem Ghazals

Mohammad Azeem کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو شخص سارے زمانے کا رنج سہتا تھا (غزل)

جو شخص سارے زمانے کا رنج سہتا تھا

وہ آج راہ میں مثل غبار بیٹھا تھا

یوں بت بنا وہ کھڑا تھا کہ کیا بتاؤں تمہیں

میں اس کو چھونے سے پہلے خیال سمجھا تھا

میں سو رہا تھا کہ وہ خواب مجھ پہ ٹوٹ پڑا

میں کیسے بچ کے نکلتا کہ میں تو اندھا تھا

ہزار نام تھے جو لوح دل پہ لکھے تھے

مگر وہ نام کہ جیسے چراغ جلتا تھا

برس رہا تھا قیامت کا ابر سر پہ مرے

مگر یہ بات عجب تھی میں پھر بھی پیاسا تھا

نہ اس نے مجھ سے کہا تھا کہ ٹھہرو رک جاؤ

نہ سنگ سرخ کو میں نے پلٹ کے دیکھا تھا

بلائے شہر مجھے ڈھونڈھتی تھی گلیوں میں

میں اپنے آپ کو گھر میں چھپائے بیٹھا تھا

ہوائے سرو نے پتھر چلائے تھے کیا کیا

ہرا بھرا وہ شجر ایک پل میں ننگا تھا

سبھی سے ملتا ہے لیکن وہ اب کسی کا نہیں

عظیمؔ تم نے بھی دیکھا کہ وہ تمہارا تھا

بہت سے بھید ایسے ہیں جنہیں میری نظر کا دور تک پھیلا ہوا دامن (نظم)

بہت سے بھید ایسے ہیں جنہیں میری نظر کا دور تک پھیلا ہوا دامن

ابھی تک چھو نہیں پایا

بس اک بکھراؤ ہے ہر سمت خال و خط انوکھے بے جہت بے شکل

جیسے سردیوں کی رات بارش اور کمرے میں سسکتے قمقمے

سواد ذہن پر اک جگنوؤں کی لہلہاتی فصل کا لہراؤ

سماعت کی میں کس منزل پہ ہوں گرجتے بادلوں کے لب مقفل

دلوں کی دھڑکنوں کا سرد آہنگ مسلسل بے صدا بے کل

خموشی نیند میں ہے شور کو آواز دیتی ہے

میں کس کی شکل میں ہوں کون ہوں مجھ سے میرا کیا تعلق ہے

مرے احساس میں اپنائیت کو غیریت سے کیا شکایت ہے

کیوں شکایت ہے

بہت سے بھید ایسے ہیں

جنہیں میری نظر کا دور تک پھیلا ہوا دامن

مزید غزلیں از Mohammad Azeem ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں