Mohammad Aslam Raza Khwaja کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لمحات میں برسوں سے مہینوں سے لڑیں گے (غزل)
لمحات میں برسوں سے مہینوں سے لڑیں گے
ہم جب بھی لڑیں یار قرینوں سے لڑیں گے
تاریخ کے ماتھے پہ ہے لکھا ہوا دیکھو
بیمار بدن شہ کے خزینوں سے لڑیں گے
سرمائے سے بارود خریدے گا مقابل
مزدور تو محنت کے پسینوں سے لڑیں گے
مت موڑ مشینوں سے مرے شہر کا پانی
جذبات جو بپھرے تو مشینوں سے لڑیں گے
یہ جبر کا یہ جہل کا یہ زر کا تسلط
تم دیکھنا اک وقت میں تینوں سے لڑیں گے
عشروں کے تدبر نے یہی حکم سنایا
اب خاک نشیں تخت نشینوں سے لڑیں گے
ہم لوگ نئے شعر کی تخلیق کی خاطر
فردوس میں بھی زہرہ جبینوں سے لڑیں گے
چاہے جب خاموش ہوں ہم چاہے جب باتیں کریں (غزل)
چاہے جب خاموش ہوں ہم چاہے جب باتیں کریں
تشنگی ہو اور پیاسے لب بہ لب باتیں کریں
میں نے لینا ہے مری آوارگی کا امتحان
آ کبھی کھل کر ملیں اور سب کی سب باتیں کریں
تیرے اس حسن تکلم پر رہے دائم بہار
ہم فریبی لالچی بھی بے طلب باتیں کریں
گاؤں جا کر دیکھتے کاتک کے پورے چاند کو
میں نے چاہا تھا وہاں ہم ساری شب باتیں کریں
اس طرح باتوں کی وقعت بات ہو کر رہ گئی
لوگ سمجھے ہی نہیں ہیں کیسے کب باتیں کریں