Mohammad Aslam Khan Aslam کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود اپنے عکس کو اپنی نظر میں کیا رکھنا (غزل)
خود اپنے عکس کو اپنی نظر میں کیا رکھنا
کہ ہم نے چھوڑ دیا گھر میں آئنہ رکھنا
کسی کے پیڑ کا سایہ نہ آ سکے گھر میں
گھروں کے بیچ میں اتنا تو فاصلہ رکھنا
تمام عمر ہی چاہے اڑان میں گزرے
پرائی شاخ پہ ہرگز نہ گھونسلہ رکھنا
مری نظر بھی اندھیروں سے اوب سکتی ہے
کوئی چراغ تو یارو جلا ہوا رکھنا
لو تم بھی شوق سے اسلمؔ سے احتیاط رکھو
ہمیں بھی آ گیا اپنوں سے فاصلہ رکھنا
یہ گھر سجایا ہے تم نے جناب کس کے لیے (غزل)
یہ گھر سجایا ہے تم نے جناب کس کے لیے
یہ خار کس کے لیے ہیں گلاب کس کے لیے
اگر ہے پیاس بجھانی تو جستجو بھی کرو
بچا کے کس نے رکھی ہے شراب کس کے لیے
کتاب زیست کو یکجا کروں تو کیسے کروں
یہ باب کس کے لیے ہے وہ باب کس کے لیے
جہاں میں کوئی بھی اہل نظر نہیں ملتا
اگر کروں بھی تو چہرہ کتاب کس کے لیے
سوال آج بھی یہ لا جواب ہے اسلمؔ
ہوا ہے دل مرا خانہ خراب کس کے لیے