پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Askari Arif کی غزلیں — Mohammad Askari Arif Ghazals

Mohammad Askari Arif کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

موت ہے زندگی زندگی موت ہے (غزل)

موت ہے زندگی زندگی موت ہے

ہر نفس موت ہے ہر گھڑی موت ہے

میں اندھیروں میں کھو جاؤں ممکن نہیں

ایک پروانے کی روشنی موت ہے

اس لئے شاد رہتا ہوں ہر حال میں

میرے دشمن کو میری خوشی موت ہے

کوئی تلوار خنجر نہ تیر و تبر

حرملہ کے لئے اک ہنسی موت ہے

خامشی عاقلوں کی ہے خوبی مگر

بعض اوقات پر خامشی موت ہے

صابروں کے لئے ہر طرف ہے حیات

ظالموں کے لئے موت ہی موت ہے

ایک کڑوی حقیقت کہیں اور کہیں

شہد سے بھی سوا چاشنی موت ہے

قید غربت سے عارفؔ نکل جائیے

ہے خبر آپ کو مفلسی موت ہے

غم ہائے روزگار سے فرصت نہیں مجھے (غزل)

غم ہائے روزگار سے فرصت نہیں مجھے

میں کیسے کہہ دوں تم سے محبت نہیں مجھے

اپنو کی سازشوں سے ہی مصروف جنگ ہوں

غیروں سے دشمنی کی ضرورت نہیں مجھے

دل میں ابھی چبھے ہیں وہ الفاظ تیر سے

تو نے کہا تھا جب تری چاہت نہیں مجھے

پنہاں ہیں کنج دل میں کئی درد لا دوا

بے وجہ مسکرانے کی عادت نہیں مجھے

سوغات زخم دل تو مقدر کی بات ہے

اے یار تجھ سے کوئی شکایت نہیں مجھے

تنہائیوں سے مجھ کو رفاقت سی ہو گئی

عارفؔ سیاہ شب سے بھی وحشت نہیں مجھے

مزید غزلیں از Mohammad Askari Arif ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں