Mohammad Asif Nazeer کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری دنیا یہ تیرے گمان و یقیں یا اخی (غزل)
تیری دنیا یہ تیرے گمان و یقیں یا اخی
واہمے کے سوا اور کچھ بھی نہیں یا اخی
ایک بد شکل سی آرزو کے سوا کچھ نہ تھا
ہم سمجھتے رہے جس کو سب سے حسیں یا اخی
باس تازہ لہو کی ہواؤں میں ہے چار سو
خود کو دیکھوں کہ دیکھوں تری آستیں یا اخی
مرشدی آپ کے آستانے کی کیا بات ہے
ملتے ہیں اس جگہ آسمان و زمیں یا اخی
ارتکاز توجہ سے کب ہوتے ہیں معجزے
حبس دم ہی تو حسن تصوف نہیں یا اخی
جرم یہ ہے کہ خورشید کے خانوادے سے ہوں
مجھ سے خائف ہیں کیوں آپ کے جانشیں یا اخی
زندگی مثل شعب ابی طالب آصفؔ کی ہے
با خدا سازشوں کے سبب بالیقیں یا اخی
جلا کے مجھ کو عجب معجزہ دکھایا گیا (غزل)
جلا کے مجھ کو عجب معجزہ دکھایا گیا
مری ہی راکھ سے پیکر نیا بنایا گیا
مرے ہی تیر چلائے گئے مری جانب
مرے خلاف مرا زور آزمایا گیا
بٹھا کے پہلے مجھے اک عظیم منصب پر
مرے خلاف عجب فیصلہ سنایا گیا
اس آب و تاب کے پیچھے بھی اک کہانی ہے
میں پہلے سنگ تھا پھر آئنہ بنایا گیا
مجھے کرائی گئی پہلے ایک شہر کی سیر
پھر اس میں مجھ کو مرا اصل گھر دکھایا گیا
ڈبو کے خون میں باندھی گئی مجھے تلوار
کس اہتمام سے میں تخت پر بٹھایا گیا
مجھے ستا کے بھی کب خوش ہوئے مرے منکر
میں اس پہ خوش ہوں مرا صبر آزمایا گیا
عطا ہوئی ہے عجب طرح خواجگی آصفؔ
تراش کر مرے بازو علم تھمایا گیا