پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد اسد اللہ کی غزلیں — Mohammad Asadullah Ghazals

محمد اسد اللہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھول جانے کو ہے جہاں سارا (غزل)

بھول جانے کو ہے جہاں سارا

یاد رکھنے کو اک خدا ہے بہت

ہے جو پیش نظر پرے اس سے

منظر اک اور دل ربا ہے بہت

گونجتی آہٹیں نہیں تھمتیں

میرے اندر کوئی رہا ہے بہت

گمرہی سے ہے اپنی ناواقف

راستوں کو وہ جانتا ہے بہت

میری دیوانگی جلائے چراغ

روشنی گم ہے اور ہوا ہے بہت

یہ عذابوں کا سلسلہ کیسا

زندگی ہی تو اک سزا ہے بہت

تجھ کو آواز سے سمجھوں کہ بیاں سے دیکھوں (غزل)

تجھ کو آواز سے سمجھوں کہ بیاں سے دیکھوں

معتبر کیا ہے بتا تجھ کو کہاں سے دیکھوں

آب دیدہ ہوں میں خود زخم جگر سے اپنے

تیری آنکھوں میں چھپا درد کہاں سے دیکھوں

اس کھلی آنکھ پہ کھلتے نہیں اسرار ترے

تو چھپا ہے تو تجھے چشم نہاں سے دیکھوں

میں نے چاہا تھا صنم بن کے تو آنکھوں میں رہے

تو نے چاہا میں تجھے چشم بتاں سے دیکھوں

ہر طرف تیر برستے ہیں نشانہ میں ہوں

لوٹ آتی ہے نظر خود پہ جہاں سے دیکھوں

اس طرح دل میں اتر جا نہ رہے کچھ باقی

تو ہی تو ہو میری نظروں میں جہاں سے دیکھوں

استاد یہ قوموں کے ہیں معمار ہمارے (نظم)

استاد یہ قوموں کے ہیں معمار ہمارے

ان ہی سے ہیں افراد ضیا بار ہمارے

جینے کا سلیقہ بھی ہمیں ان سے ملا ہے

احساس عمل فکر بھی ان ہی کی عطا ہے

ان ہی کی ہے تعلیم جو عرفان خدا ہے

ان ہی سے معطر ہوئے افکار ہمارے

تاریک ہوں راہیں تو یہی راہ سجھائیں

اسرار دو عالم سے یہ پردوں کو اٹھائیں

سوئی ہوئی قوموں میں یہ ہمت کو جگائیں

رہبر بھی یہ ہمدم بھی یہ غم خوار ہمارے

اک نور کا مینار لب ساحل دریا

اک مشعل بیدار سر وادیٔ صحرا

ہے ظلمت آفاق میں بس ایک ستارہ

ہیں دست نگر ان کے ہی شہکار ہمارے

مزید غزلیں از محمد اسد اللہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں