محمد ارشد اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آ گئی نیند سر شام خدا خیر کرے (غزل)
آ گئی نیند سر شام خدا خیر کرے
کس لیے مل گیا آرام خدا خیر کرے
تھا تو آغاز محبت کا بہت ہی پر کیف
اور اب تلخ ہے انجام خدا خیر کرے
داستان رسن و دار نہ تازہ ہو جائے
ان کے لب پر ہے مرا نام خدا خیر کرے
بے ارادہ لب مایوس پہ کیوں آیا ہے
شکوۂ گردش ایام خدا خیر کرے
اب نہ میخانے میں وہ اگلی سی رونق باقی
نہ وہ مینا ہے نہ وہ جام خدا خیر کرے
خلش درد ہی مرنے کے لیے کیا کم تھی
اس پہ یہ حسرت و آلام خدا خیر کرے
حسن دل توڑ کے ممدوح جہاں ہے ارشدؔ
ہائے یہ خوئے دل آرام خدا خیر کرے
چکر سا چل رہا ہے زمین و زماں کے بیچ (غزل)
چکر سا چل رہا ہے زمین و زماں کے بیچ
انسان جی رہا ہے یقین و گماں کے بیچ
کیا جانے کیا ہو رنگ شروع و اخیر کا
آتا ہے میرا نام تری داستاں کے بیچ
یوں ہی مرا وجود ہے اس دور سخت میں
گودا ہو جس طرح سے کسی استخواں کے بیچ
خود باغباں کے حسن عمل کا فتور ہے
بھڑکی ہوئی سی آگ جو ہے گلستاں کے بیچ
جو کر سکے نہ سر یہ زمین نظام بھی
وہ ڈھونڈتے ہیں عالم نو آسماں کے بیچ