پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Amir Alvi Amir کی غزلیں — Mohammad Amir Alvi Amir Ghazals

Mohammad Amir Alvi Amir کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکستہ پر ہے یہ اونچی اڑان رکھتا ہے (غزل)

شکستہ پر ہے یہ اونچی اڑان رکھتا ہے

پرندہ ہے تو پرندے کی شان رکھتا ہے

بہت ہی بوڑھا سہی پر اسی شجر سے گھر

تمام شہر میں اک آن بان رکھتا ہے

عجب ہی چیز ہے آنچل بھی ماں کا اے لوگو

کہ سر تو جیسے کوئی آسمان رکھتا ہے

وہ شخص جو مرے ہر فیصلے کا تھا پابند

سوالیہ مرے آگے نشان رکھتا ہے

ہوئی ہے بالوں کی چاندی سے بات یہ روشن

وہ پائے عمر کی سر پر تکان رکھتا ہے

وہ شہرتوں کے بیاباں میں ٹھہرا لا ثانی

کہ سرو سے کہیں بڑھ کر اٹھان رکھتا ہے

اگرچہ وعدہ نہیں پھر بھی جانے کیوں عامرؔ

یہ دل اسی کی ہی آہٹ پہ کان رکھتا ہے

مانا ہر شخص مرے حق میں گواہی دے گا (غزل)

مانا ہر شخص مرے حق میں گواہی دے گا

ظلم پرور جو وہ ٹھہرا تو سزا ہی دے گا

کیا گماں تھا مرے اجداد کے روشن نامو

یہ مرا دور تمہیں بخت سیہ ہی دے گا

تو ہے اک ریت مقدر ہے ہوا کی ٹھوکر

پھر بھلا کون تجھے پشت پناہی دے گا

میرے جنگل کی بھی وسعت کو تو دیکھا ہوتا

اک دیا کیا مجھے انجام بتا ہی دے گا

میں تو روٹھا کہ مناتے ہوئے دیکھوں اس کو

کیا خبر تھی کہ ستم گر وہ بھلا ہی دے گا

وقت بدلا تو اسی ہاتھ میں ہوگا خنجر

یہ نہ سوچ جب بھی اٹھے گا تو دعا ہی دے گا

ناخداؤں پہ بھروسہ نہ ڈبو دے عامرؔ

قرب ساحل جو تجھے دے گا خدا ہی دے گا

مزید غزلیں از Mohammad Amir Alvi Amir ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں