پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Amir Azam Quraishi کی غزلیں — Mohammad Amir Azam Quraishi Ghazals

Mohammad Amir Azam Quraishi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی مہر و ماہ و نجوم سے کبھی کہکشاں سے گزر گیا (غزل)

کبھی مہر و ماہ و نجوم سے کبھی کہکشاں سے گزر گیا

میں تری تلاش میں آخرش حد لا مکاں سے گزر گیا

یہ تفاوت صنم و حرم ہے تبھی کہ جب بھی نشہ ہو کم

جو بھی غرق بادۂ حق ہوا غم این و آں سے گزر گیا

کبھی شہر حسن خیال سے کبھی دشت حزن و ملال سے

ترے عشق میں تیرے پیار میں میں کہاں کہاں سے گزر گیا

تری رہ گزر مری رہ گزر ترے نقش پا مری راہ پر

تو جہاں جہاں سے گزر گیا میں وہاں وہاں سے گزر گیا

رہ زندگی میں مقام وہ مجھے بارہا ملے دوستو

کہ خرد کا پاؤں پھسل گیا ہے جنوں جہاں سے گزر گیا

مرا جسم کیا مری روح کیا نہیں کوئی زخموں کی انتہا

اے امیرؔ تیر نگاہ حسن کہاں کہاں سے گزر گیا

کبھی بھولے بسرے جو میں کہیں کسی مے کدہ میں چلا گیا (غزل)

کبھی بھولے بسرے جو میں کہیں کسی مے کدہ میں چلا گیا

مرے نام آیا ہے جام اگر نہ لیا گیا نہ پیا گیا

گیا بزم حسن و جمال میں جو میں شوق عرض طلب لیے

مرے ذہن و دل کا وہ حال تھا کہ زباں سے کچھ نہ کہا گیا

مرے نامہ بر نے جو خط دیا مجھے لا کے جان بہار کا

ہوئی ذہن و دل کی وہ کیفیت نہ پڑھا گیا نہ سنا گیا

بہ ہزار کوشش و جستجو مرا زخم دل نہ ہوا رفو

لگے لاکھ مرہم رنگ و بو نہ بھرا گیا نہ سیا گیا

تری بے رخی نے دیا وہ غم جو کسی طرح بھی ہوا نہ کم

مجھے گھن کی طرح لگا رہا مری زندگانی کو کھا گیا

وہ تجسس اپنا بھی خوب تھا کہ تلاش حق تھی جگہ جگہ

مگر اپنے دل پہ پڑی نظر تو میں ایک لمحہ میں پا گیا

ہے امیرؔ دل میں وہی چمک جو پڑی تھی نور کی اک جھلک

وہی ایک پرتو حسن تو مری زندگی کو سجا گیا

مزید غزلیں از Mohammad Amir Azam Quraishi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں