Mohammad Ali Shadan کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ماضی کا آج دور طرب یاد آ گیا (غزل)
ماضی کا آج دور طرب یاد آ گیا
اپنی تباہیوں کا سبب یاد آ گیا
جب جب بھی سر اٹھانے لگا ذہن میں گناہ
تب تب خدا کا قہر و غضب یاد آ گیا
تضحیک اس غریب کی کرتا بھی کیسے میں
مجھ کو بھی میرا دست طلب یاد آ گیا
حیرت ہے دشمنوں کو مرے حال پر اگر
اپنوں کا وہ کرم ہے کہ رب یاد آ گیا
اب تو ادب برائے ادب بھی ادب نہیں
اسلاف کا وہ دور ادب یاد آ گیا
یہ تمکنت یہ تکبر یہ شان رہنے دو (غزل)
یہ تمکنت یہ تکبر یہ شان رہنے دو
جو ہے تمہارے بھرم کا مکان رہنے دو
سوال عمر نہ پیش آئے نیک مقصد میں
ارادے اپنے ہمیشہ جوان رہنے دو
انہیں کو دیکھ کے پہنچے گی نسل منزل تک
ہر اک قدم پہ لہو کے نشان رہنے دے
ہوا کا رخ ہو موافق یہ انتظار کرو
ابھی لپیٹے ہوئے بادبان رہنے دو
خوشی کے ساتھ اڑاؤ گلال سوئے فلک
مگر یہ سن لو زمیں پر امان رہنے دو
کسی کی بات سکوں کا سبب ہے اے شاداںؔ
مری زباں پہ یہ اک داستان رہنے دو