Mohammad Ali Taj کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ابھی خیال و نظر کا غبار راہ میں ہے (غزل)
ابھی خیال و نظر کا غبار راہ میں ہے
بہار آ کے رہے گی بہار راہ میں ہے
بڑھے چلو کہ وہ منزل ابھی نہیں آئی
یہ وہ مقام ہے جس کا شمار راہ میں ہے
ہمارا کیا ہے دوانے ہیں کچھ بھی کر گزریں
یقیں کرو کہ تمہارا وقار راہ میں ہے
نہ پاؤں تھمتے ہیں اپنے نہ حوصلے دل کے
سنا ہے جب سے کوئی خار زار راہ میں ہے
نظر لگے نہ کہیں اس کو چاند تاروں کی
جو ایک ذرۂ گردوں شکار راہ میں ہے
حرم و دیر کے منظر نہیں دیکھے جاتے (غزل)
حرم و دیر کے منظر نہیں دیکھے جاتے
دیکھنے والوں سے پتھر نہیں دیکھے جاتے
سرخ رو ہیں کہ ابھی پاؤں میں چھالے ہیں بہت
جہد والوں میں مقدر نہیں دیکھے جاتے
شوق درماں ہو تو آ روشنیٔ دل لے کر
زخم دل شمع جلا کر نہیں دیکھے جاتے
یہ تو انسانوں کے ٹوٹے ہوئے دل ہیں ساقی
ہم سے ٹوٹے ہوئے ساغر نہیں دیکھے جاتے
جاگ اٹھے ہیں تو کریں فکر سحر تا بہ سحر
پیار کے خواب مکرر نہیں دیکھے جاتے