محمد علی ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غربت کا اب مذاق اڑانے لگے ہیں لوگ (غزل)
غربت کا اب مذاق اڑانے لگے ہیں لوگ
دولت کو سر کا تاج بتانے لگے ہیں لوگ
تہذیب شہر کتنی بدل دی ہے وقت نے
اپنی روایتوں کو بھلانے لگے ہیں لوگ
اللہ ان کی عقل کا پردا ذرا ہٹا
پھر اپنی بیٹیوں کو جلانے لگے ہیں لوگ
حد ہو چکی ہے اب تو مرے انکسار کی
کمتر سمجھ کے مجھ کو ستانے لگے ہیں لوگ
الزام سارا اپنے مقدر پہ ڈال کر
ناکامیوں کو اپنی چھپانے لگے ہیں لوگ
سچائی کا علم مرے ہاتھوں میں دیکھ کر
بستی میں کتنا شور مچانے لگے ہیں لوگ
موجوں سے لڑتے لڑتے جو ساحل تک آ گیا
احسان اس پہ اپنا جتانے لگے ہیں لوگ
تری صورت مجھے بتاتی ہے (غزل)
تری صورت مجھے بتاتی ہے
یاد میری تجھے بھی آتی ہے
اس کے اک بار دیکھنے کی ادا
دل میں سو حسرتیں جگاتی ہے
میرے دل میں وہ آئے ہیں ایسے
جیسے آنگن میں دھوپ آتی ہے
خواب میں جب بھی دیکھتا ہوں اسے
نیند آنکھوں سے روٹھ جاتی ہے
اپنی مرضی سے ہم نہیں چلتے
کوئی طاقت ہمیں چلاتی ہے
ہم ہیں تہذیب کے علمبردار
ہم کو اردو زبان آتی ہے
میں تو ساحل ہوں موج دریا کی
مجھ کو خود ہی گلے لگاتی ہے