پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد علی موج رام پوری کی غزلیں — Mohammad Ali Mauj Rampuri Ghazals

محمد علی موج رام پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ تو رات سو لیے صاحب (غزل)

آپ تو رات سو لیے صاحب

ہم نے تکیے بھگو لیے صاحب

درد کی دھول غم کی باد سموم

گھر کا دروازہ کھولیے صاحب

اس کے دامن کو چھو کے آئے ہیں

ہم کو پھولوں میں تولیے صاحب

تلخیوں کا مزاج بدلے گا

زہر میں قند گھولیے صاحب

دیکھیے خود کو میرے چہرے میں

عکس شیشے میں تولیے صاحب

ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں

اتنا اونچا نہ بولئے صاحب

موجؔ سے موج ہے اشارہ کناں

بادبانوں کو کھولیے صاحب

دوستی چیز ہے کیا رسم وفا کیسی ہے (غزل)

دوستی چیز ہے کیا رسم وفا کیسی ہے

ہم سے پوچھے کوئی جینے کی سزا کیسی ہے

تو خفا مجھ سے نہیں ہے تو بتا پھر اے دوست

تیرے لہجے میں تکلف کی ادا کیسی ہے

جب کہ ممکن ہی نہیں معرکۂ کرب و بلا

پھر ہر اک جسم پہ خوں رنگ قبا کیسی ہے

طے کیا میں نے ترے ساتھ چراغوں کا سفر

لوگ جب سوچ رہے تھے کہ ہوا کیسی ہے

تیری رفتار نے احساس کو پیکر بخشا

ورنہ کس کو تھی خبر باد صبا کیسی ہے