محمد علی خاں رشکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لطف ظاہر کر دیا درد نہانی دیکھ کر (غزل)
لطف ظاہر کر دیا درد نہانی دیکھ کر
رحم نے پائی ہے قوت ناتوانی دیکھ کر
جو کہ ملتی ہو ہماری سرگزشت عشق سے
قصہ خواں کہنا وہاں ایسی کہانی دیکھ کر
تجھ سے گو ملتے نہیں داغ غم ہجراں تو ہے
شکر ہے جیتے تو ہیں تیری نشانی دیکھ کر
کون ہے خون جگر آشام میں یا مدعی
دیجیو ساقی شراب ارغوانی دیکھ کر
اب بلائے آسمانی بھی بھلی لگنے لگی
آپ کے سر پر دوپٹے آسمانی دیکھ کر
اس رمیدہ وش کو کیا حال دل محزوں لکھوں
جو خفا ہو ربط الفاظ و معانی دیکھ کر
ہے دگر گوں ابتدائے عشق میں رشکیؔ کا حال
رحم آتا ہے مجھے اوس کی جوانی دیکھ کر
خانقاہ و دیر میں جاتے ہیں ہم (غزل)
خانقاہ و دیر میں جاتے ہیں ہم
ڈھونڈھتے جو ہیں نہیں پاتے ہیں ہم
جب سے عریانی ہوا اپنا لباس
جامے سے باہر ہوئے جاتے ہیں ہم
اور بڑھتا ہے انہیں شوق جفا
آنکھ میں آنسو جو بھر لاتے ہیں ہم
وہ جفا کر کے نہیں ہوتے خجل
یاں گلہ کرنے سے شرماتے ہیں ہم
ہم سے بڑھ کر کوئی دیوانہ نہیں
دل سے دیوانہ کو سمجھاتے ہیں ہم