محمد علی ایاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری دہلیز پہ جو خود کو جھکا سکتے ہیں (غزل)
تیری دہلیز پہ جو خود کو جھکا سکتے ہیں
وہ کوئی اور قدم بھی تو اٹھا سکتے ہیں
قیس نے دشت میں اتنی تو اجازت دی ہے
آپ کچھ روز یہاں خاک اڑا سکتے ہیں
لاکھ ہی تلخ شب و روز دئے تو نے مگر
زندگی تیرے لیے ہاتھ بڑھا سکتے ہیں
چہچہاتی ہوئی آوازوں کو ترسے ہوئے لوگ
اب بھی چاہیں تو نئے پیڑ لگا سکتے ہیں
شور سے خامشی کی سمت سفر کرتے ہوئے
خامشی سے بھی کوئی شور اٹھا سکتے ہیں
خواہش وصل کے زندان میں رکھا ہوا ہے (غزل)
خواہش وصل کے زندان میں رکھا ہوا ہے
خود کو اک شخص کے امکان میں رکھا ہوا ہے
حوصلہ پڑتا نہیں کیسے اٹھاؤں اس کو
ہجر کا دکھ بھی تو سامان میں رکھا ہوا ہے
دیکھنے والے بھی حیران ہوئے جاتے ہیں
دل نے ہر زخم نمکدان میں رکھا ہوا ہے
تتلیاں پھول سمجھتے ہوئے آ جاتی ہیں
اس کی تصویر کو گلدان میں رکھا ہوا ہے
اک پرستان میں ٹھہرایا ہے اس عشق نے اور
دوسرے شخص کو ملتان میں رکھا ہوا ہے
آتے جاتے ہوئے دل اس کے تصور میں رہے
ہجر اس واسطے دالان میں رکھا ہوا ہے
اور تو کچھ بھی نہیں اس میں فضیلت ایسی
اک تجسس ہے جو انسان میں رکھا ہوا ہے
دل کی تسکین کو یہ بات بھی کیا کم ہے ایازؔ
اس نے کچھ روز تجھے دھیان میں رکھا ہوا ہے