Mohammad Ali Asar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنسوؤں میں کبھی ڈھلی ہے رات (غزل)
آنسوؤں میں کبھی ڈھلی ہے رات
درد بن کے کبھی اٹھی ہے رات
کوئی سورج کہیں سے آ جائے
کتنی ویران ہو گئی ہے رات
صبح سے ہم کلام ہونے کو
زینہ زینہ اتر رہی ہے رات
پھر اجالوں کا خوں ہوا شاید
قتل گاہوں میں بٹ گئی ہے رات
دل میں کہرام کم نہ ہوگا اثرؔ
تم بھی سو جاؤ سو گئی ہے رات
ٹوٹ کر رہ گیا آئینے سے رشتہ اپنا (غزل)
ٹوٹ کر رہ گیا آئینے سے رشتہ اپنا
ایک مدت ہوئی دیکھنا نہیں چہرا اپنا
کوئی طوفان ہے نہ اب کوئی تلاطم دل میں
ساحل درد پہ ٹھہرا ہے سفینہ اپنا
لفظ و معنی کے نئے پھول ابھر آئیں گے
نقش ہو جائے جو قرطاس پہ لہجہ اپنا
یاد خوشبو ہے چھپانے سے کہاں چھپتی ہے
موج گل خود ہی بنا لیتی ہے رستہ اپنا
جس کے جانے سے منور ہوئے پلکوں پہ چراغ
آج تک اس نے دکھایا نہیں چہرا اپنا
رات کے ساتھ اثرؔ لوٹ کے گھر جاتا ہے
راستہ دیکھ رہا ہوگا دریچہ اپنا
اترتی شام سے پوچھیں گے (نظم)
اترتی شام سے پوچھیں گے
جگنوؤں کا مزاج
جنوں کے شہر میں
راتوں کا کیا ہوا آخر
افق پہ یوں تو سمٹ آئے تھے
نئے منظر
سلگتی آنکھوں میں حسرت
ہراس
تنہائی
تمام شہر تماشا بنا تھا
حیراں تھا
مگر جب آنکھ کھلی
وہی پرانے تماشے تھے اور مداری نئے