پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Ajmal Niyazi کی غزلیں — Mohammad Ajmal Niyazi Ghazals

Mohammad Ajmal Niyazi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اکیلے ہی سہی شہر میں کیا رکھتے تھے (غزل)

ہم اکیلے ہی سہی شہر میں کیا رکھتے تھے

دل میں جھانکو تو کئی شہر بسا رکھتے تھے

اب کسے دیکھنے بیٹھے ہو لئے درد کی ضو

اٹھ گئے لوگ جو آنکھوں میں حیا رکھتے تھے

اس طرح تازہ خداؤں سے پڑا ہے پالا

یہ بھی اب یاد نہیں ہے کہ خدا رکھتے تھے

چھین کر کس نے بکھیرا ہے شعاعوں کی طرح

رات کا درد زمانے سے بچا رکھتے تھے

لے گئیں جانے کہاں گرم ہوائیں ان کو

پھول سے لوگ جو دامن میں صبا رکھتے تھے

کل جو دیکھا تو وہ آنکھوں میں لئے پھرتا تھا

ہائے وہ چیز کہ ہم سب سے چھپا رکھتے تھے

تازہ زخموں سے چھلک اٹھیں پرانی ٹیسیں

ورنہ ہم درد کا احساس نیا رکھتے تھے

یہ جو روتے ہیں لئے آنکھ میں ٹوٹے تارے

اپنے چہرے پہ کبھی چاند سجا رکھتے تھے

آج وہ شہر خموشاں کی طرح ہیں اجملؔ

کل تلک شہر میں جو دھوم مچا رکھتے تھے

بکھرتی خاک میں کوئی خزانہ ڈھونڈھتی ہے (غزل)

بکھرتی خاک میں کوئی خزانہ ڈھونڈھتی ہے

تھکی ہاری زمیں اپنا زمانہ ڈھونڈھتی ہے

شجر کٹتے چلے جاتے ہیں دل کی بستیوں میں

تری یادوں کی چڑیا آشیانہ ڈھونڈھتی ہے

یقیں کی سر زمیں ظاہر ہوئی اجڑے لہو میں

یہ ارض بے وطن اپنا ترانہ ڈھونڈھتی ہے

بھٹکتی ہے تجھے ملنے کی خواہش محفلوں میں

یہ خواہش خواہشوں میں آستانہ ڈھونڈھتی ہے

ترے غم کا خمار اترا ادھوری کیفیت میں

یہ کیفیت کوئی موسم پرانا ڈھونڈھتی ہے

بکھرتا ہوں جدائی کی اکیلی وسعتوں میں

یہ ویرانی مرے گھر میں ٹھکانہ ڈھونڈھتی ہے

مری مٹی سجائی جا رہی ہے آنگنوں میں

یہ رستوں پر تڑپنے کا بہانہ ڈھونڈھتی ہے

مزید غزلیں از Mohammad Ajmal Niyazi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں