محمد احسن واحدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا جانوں کیوں بیٹھے بیٹھے دل ایسا بھر آئے ہے (غزل)
کیا جانوں کیوں بیٹھے بیٹھے دل ایسا بھر آئے ہے
سوکھا ساگر ان آنکھوں کا پانی سے بھر جائے ہے
بھول چکا ہوں تجھ کو لیکن یاد تری آ جائے ہے
ہوک اٹھے ہے دل میں ایسی تیر جگر سے جائے ہے
رت بھیگی آکاش گلابی نرم ہوا برکھا کی سانجھ
بول کے میٹھے بول کویلیا من میرا تڑپائے ہے
پریت ہے سچ مچ چوٹ جگر کی اور بہت ہی گہری چوٹ
سانس بنی ہے آرا دل کا آنسو آگ لگائے ہے
چن چن کلیاں رنگ چرا کر سیج بنی ارمانوں کی
ہائے مگر وہ دن نہ آئے پھول سا دل مرجھائے ہے
یاس نگر میں کیونکر بہلے آس بھرا یہ من میرا
جب بھی چمکیں آس کی کرنیں یاس کا بادل چھائے ہے
لوٹ لی جگ نے ہونٹ کی مایہ راگ و رنگ بھی چھین لیا
چاند ہنسے یا تارے چمکیں کچھ نہ دل کو بھائے ہے
کبھی جو الجھے جنوں سے خرد نے تھام لیا (غزل)
کبھی جو الجھے جنوں سے خرد نے تھام لیا
کبھی تو ہم نے جنوں سے خرد کا کام لیا
تری نگاہ خماریں میں جانے کیا شے تھی
چھلک کے جام رہا جب بھی ہم نے جام لیا
افق پہ خواب کے ابھرے ہزارہا مہتاب
کبھی جو تو نے نگاہ غلط سے کام لیا
لگا دی آگ جنوں نے تمام گلشن کو
کسی نے ہوش میں جو رنگ و بو کا نام لیا
کہاں نہ الجھے حوادث سے زندگی کے لیے
ہجوم غم میں تبسم سے ہم نے کام لیا
جنبش مژگاں جادو جادو (نظم)
جنبش مژگاں جادو جادو
سحر زدہ ہیں منظر ہر سو
نشتر نشتر نیم نگاہی
خنجر خنجر تیکھے آبرو
منظر منظر رنگ تبسم
گوہر گوہر ڈھلکے آنسو
دامن دامن آس کی کلیاں
خرمن خرمن برق تبسم
گلشن گلشن رنگ بہاراں
چلمن چلمن پلکیں پر نم