Mohammad Afzal Khan 2 کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک وہی وقت سب سے پیارا تھا (غزل)
اک وہی وقت سب سے پیارا تھا
تیری صحبت میں جو گزارا تھا
تو نہ آیا مگر تجھے میں نے
آخری سانس تک پکارا تھا
ہار کا غم بھی کم نہیں لیکن
جیتنے میں بہت خسارا تھا
اب تو ہر شے اداس لگتی ہے
کل ہر اک پھول کتنا پیارا تھا
ٹوٹ کر ہو گیا کہیں غائب
میری قسمت میں جو ستارا تھا
کیا خبر تھی کہ تیری زلفوں کو
غیر نے بھی بہت سنوارا تھا
کتنا ویران کر گیا دل کو
تو بہاروں کا استعارا تھا
قدم زیادہ اندھیرے اگر بڑھائیں گے (غزل)
قدم زیادہ اندھیرے اگر بڑھائیں گے
چراغ اپنے لہو سے جلائے جائیں گے
تمام دہر کے جلوے ہوں سامنے لیکن
ہم اپنے دل سے تجھے کس طرح مٹائیں گے
بس ایک جست میں کر دیں گے یہ چمن ویراں
جنوں ہمارا اگر آپ آزمائیں گے
مجھے بھی وقت کی زنجیر روک لیتی ہے
اسے بھی راستے شاید ادھر نہ لائیں گے
زمانہ پوچھ لے جتنا تباہیوں کا سبب
مگر یہ راز کسی کو نہیں بتائیں گے
انہیں یہ جبر کی ترکیب آزمانے دو
کہ ہم ترانۂ الفت ہی گنگنائیں گے