پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد افضل کی غزلیں — Mohammad Afzal 1 Ghazals

محمد افضل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو لوگ بھی حالات سے گھبرائے ہوئے ہیں (غزل)

جو لوگ بھی حالات سے گھبرائے ہوئے ہیں

چوکھٹ پہ تمہاری وہ سبھی آئے ہوئے ہیں

جن کو بھی ملی خاک در یار ذرا سی

بے نور جبینوں کو وہ چمکائے ہوئے ہیں

دامن کو جھلسنے سے بچانے کی غرض کیا

شعلے یہ تمہارے ہی تو بھڑکائے ہوئے ہیں

چاہو تو اگر بانٹ لو ہم سے غم ہجراں

ہم بھی تو کسی شخص کے ٹھکرائے ہوئے ہیں

رکھے ہیں وہ زندان کو آباد خوشی سے

زنجیر غلامی کی جو کھنکائے ہوئے ہیں

چاٹے ہیں ترے ہجر کے لمحات بدن کو

یہ وصل کے امکان مجھے کھائے ہوئے ہیں

محفل میں گھماتے ہوئے انگلی سے وہ کاکل

کیا جانیے کس کس پہ ستم ڈھائے ہوئے ہیں

اب کیسے بتاؤں تری زلفوں سے زیادہ

دنیا کے مسائل مجھے الجھائے ہوئے ہیں

اپنوں سے ہی کرنی ہے ہمیں اپنی حفاظت

اللہ یہ کس دور میں ہم آئے ہوئے ہیں

پڑتی ہی نہیں ہیں کبھی خوشیوں کی شعاعیں

ہر سمت مرے ابر ستم چھائے ہوئے ہیں

افضلؔ نہیں رہتا کوئی دنیا میں ہمیشہ

پھر آپ یہ کس بات پہ اترائے ہوئے ہیں

آمد یار کی آئی جو خبر ہولے سے (غزل)

آمد یار کی آئی جو خبر ہولے سے

کھل گئے میری تمناؤں کے پر ہولے سے

ایک طوفان اٹھائے ہوئے بیٹھا ہے یہاں

وہ مرے دل میں گیا تھا جو اتر ہولے سے

شور کیونکر تو مچاتا ہے مسیحا یہ بتا

دیکھ بیمار گیا ہے ترا مر ہولے سے

راکھ سمجھے ہے محبت کو یہ دنیا جو کبھی

رقص کرتا ہے کہیں کوئی شرر ہولے سے

کاش مل جائے مجھے میری دعاؤں کا صلہ

کاش کھل جائے کسی روز وہ در ہولے سے

کیا ہوا ہے کہ ترے بعد مہ و سال مرے

بن چھوئے ہی مجھے جاتے ہیں گزر ہولے سے

راہ دشوار سہی ساتھ تمہارا ہو اگر

یار کٹ جائے گا سانسوں کا سفر ہولے سے

خار تب سے ہی نظر میں ہے سبھی کی افضلؔ

آپ نے جب سے ہے کی اس پہ نظر ہولے سے

مزید غزلیں از محمد افضل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں