پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Ahmad کی غزلیں — Mohammad Ahmad Ghazals

Mohammad Ahmad کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یاد آتے رہنا بس (غزل)

یاد آتے رہنا بس

دل دکھاتے رہنا بس

اور کام کیا تم کو

آزماتے رہنا بس

دل پہ گرد کتنی ہو

چمچماتے رہنا بس

زندگی یہی تو ہے

مسکراتے رہنا بس

حال دل رہے دل میں

گنگناتے رہنا بس

سیکھنا ہر اچھی بات

اور سکھاتے رہنا بس

بات بات پر ہنسنا

اور ہنساتے رہنا بس

دل شکستہ کوئی ہو

دل بڑھاتے رہنا بس

دل کے ساز پر اکثر

گیت گاتے رہنا بس

جا کے پچھتائیں گے نہ جا کے بھی پچھتائیے گا (غزل)

جا کے پچھتائیں گے نہ جا کے بھی پچھتائیے گا

آپ جاتے ہیں وہاں اچھا چلے جائیے گا

میں کئی دن ہوئے خود سے ہی جھگڑ بیٹھا ہوں

آپ فرصت سے کسی دن مجھے سمجھائیے گا

میں خیالوں میں بھٹک جاتا ہوں بیٹھے بیٹھے

بھیج آہٹ کا سندیسہ مجھے بلوائیے گا

میں نے ظلمت میں گزارے ہیں کئی قرن سو آپ

روشنی سے جو میں ڈر جاؤں نہ گھبرائیے گا

میں سمجھتا ہوں مجھے لوگ سمجھتے ہی نہیں

میں کسی روز نہ سمجھوں تو سمجھ جائیے گا

گاہ ہو جاتا ہوں میں اپنی انا کا قیدی

میں نہ آؤں تو پھر آ کر مجھے چھڑوائے گا

خیر مقدم کو ہے تیار جہاں جائیے آپ

ہاں پلٹنا ہو تو پھر میرے ہی ہو جائیے گا

مجھ سے ضد ہے تو پھر اس ضد کو نبھانے کے لئے

میں جو مر جاؤں تو پھر آپ بھی مر جائیے گا

جام جم فکر کا رکھتا ہے نرالے منظر

آپ جو دیکھتے ہیں دنیا کو دکھلائیے گا

سوچ جب یکساں نہ ہو قافلہ کس کام کا ہے

آپ احمدؔ کہیں رستے میں ہی رہ جائیے گا

کھڑکی پر مہتاب ٹکا تھا (نظم)

کھڑکی پر مہتاب ٹکا تھا

رات سنہری تھی

اور دیوار پہ ساعت گنتی

سوئی سوئی گھڑی کی سوئی

چلتے چلتے سمت گنوا کر غلطاں پیچاں تھی

میں بھی خود سے آنکھ چرا کر

اپنے حال سے ہاتھ چھڑا کر

برسوں کو فرسنگ بنا کر

جانے کتنی دور چلا تھا

جانے کس کو ڈھونڈ رہا تھا

دھندلے دھندلے چہرے کیسے رنگ رنگیلے تھے

پیلے پیلے پھول تھے آنچل نیلے نیلے تھے

کیا چمکیلی آنکھیں کیسے خواب سجیلے تھے

لیکن آنکھیں نم تھیں منظر سیلے سیلے تھے

اک چہرہ تھا روشن جیسے چاند گھٹاؤں میں

اک مسکان تھی جیسے بکھریں رنگ فضاؤں میں

منظر منظر تکتا جاتا چلتا جاتا میں

اس منظر سے اس منظر تک بڑھتا جاتا میں

اک تصویر کو رک کر دیکھا رک نہیں پایا میں

اس کھڑکی سے اس آنگن تک جھک نہیں پایا میں

جیسے اس شب چلتے رہنا قسمت ٹھہری تھی

میرے تعاقب میں

یادوں کی پچھل پیری تھی

مزید غزلیں از Mohammad Ahmad ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں