Mohammad Abuzar Safdar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رخ حسین سے پردہ کشائی کرنے لگے (غزل)
رخ حسین سے پردہ کشائی کرنے لگے
وہ تارتار مری پارسائی کرنے لگے
لگے ہوئے تھے وہ میری برائی کرنے میں
میں آیا سامنے تو بھائی بھائی کرنے لگے
ہماری جود و سخاوت کا بحر کیا سوکھا
وہ سامنے ہی ہماری برائی کرنے لگے
بنے جہان یہ امن و اماں کا گہوارہ
بشر کے ساتھ بشر جو بھلائی کرنے لگے
جو ماں کو دیکھا امیروں کے مانجتے برتن
پڑھائی چھوڑ کے بیٹے کمائی کرنے لگے
کسی نگاہ کا مجھ پر خمار تک نہ ہوا (غزل)
کسی نگاہ کا مجھ پر خمار تک نہ ہوا
یہی سبب ہے کسی پر نثار تک نہ ہوا
یہ بے حسی کی اگر حد نہیں تو پھر کیا ہے
وہ ڈھا کے کعبۂ دل شرمسار تک نہ ہوا
خوشی تو خیر خوشی ہے مگر مجھے تیرے
غموں کے بانٹنے کا اختیار تک نہ ہوا
بچھڑ کے اس سے میں اک پل بھی جی نہ پاؤں گا
غضب کا وہم تھا لیکن بخار تک نہ ہوا
مصیبتوں کی گھڑی میں مدد ہے دور کی بات
یہاں ہمارا کوئی غم گسار تک نہ ہوا
بہار کیسی یہ آئی ہے صحن گلشن میں
دلوں کو چھوڑو گلوں پر نکھار تک نہ ہوا
یہ سوچ سوچ کے تڑپا کروں گا تربت میں
وہ میری موت پہ ہاں سوگوار تک نہ ہوا
خزاں رسیدہ چمن کا ہے وہ شجر صفدرؔ
کہ جس کا سبز کبھی برگ و بار تک نہ ہوا