پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد نسیم نواز کی غزلیں — Mohaamad Nasim Nawaz Ghazals

محمد نسیم نواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ذرا سی بد گمانی دل میں نفرت ڈال دیتی ہے (غزل)

ذرا سی بد گمانی دل میں نفرت ڈال دیتی ہے

وراثت بھائی بھائی میں عداوت ڈال دیتی ہے

محبت کی نظر سے دیکھتا ہوں ماں کی جانب جب

مرے حصے میں وہ قدموں کی جنت ڈال دیتی ہے

کوئی ناز و ادا سے جیت لیتا ہے کسی کا دل

کسی کی سادگی دل میں محبت ڈال دیتی ہے

سنا ہے میں نے نیند آتی نہیں گر پیٹ خالی ہو

غریبی ایسا نسخہ ہے یہ عادت ڈال دیتی ہے

صلہ اپنی وفا کا یوں حکومت ہم کو دیتی ہے

کہیں بھی حادثہ ہو ہم پہ تہمت ڈال دیتی ہے

وفا کا درس گر ہو سیکھنا سیکھو نوازؔ اس سے

فنا ہو کر ہتھیلی میں جو رنگت ڈال دیتی ہے

اے یار اب نہ دینا کوئی مشورہ مجھے (غزل)

اے یار اب نہ دینا کوئی مشورہ مجھے

میں دیکھتا ہوں آئنہ اور آئنہ مجھے

کیسے کروں بتا میں ترا شکریہ ادا

تیرے فریب نے دیا اپنا پتہ مجھے

ساحل کی بزدلی تو قدم روکتی رہی

طوفاں کا شکریہ کہ دیا حوصلہ مجھے

ہے چار دن کا حسن ترا اے زمیں کے چاند

کہتا ہے بار بار یہی آئنہ مجھے

وہ آج ایک چوٹ سے بکھرا ہے چار سو

جو ہنس رہا تھا دیکھ کے کل غم زدہ مجھے

خون جگر نچوڑ کے لکھتا ہوں میں غزل

ملتا ہے جب بھی کوئی نیا قافیہ مجھے

میں حضرت نوازؔ کا دشمن غلط غلط

بدنام کر رہا ہے کوئی بے وجہ مجھے

مزید غزلیں از محمد نسیم نواز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں