پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Moghisuddin Fareedi کی غزلیں — Moghisuddin Fareedi Ghazals

Moghisuddin Fareedi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں جنہیں اتارتے دل سے وہی اتر گئے (غزل)

دل میں جنہیں اتارتے دل سے وہی اتر گئے

جسم کو چومتے رہے روح پہ وار کر گئے

پھر سر شاخ آرزو کھل کے مہک اٹھی کلی

درد کی فصل ہو چکی داغ کے دن گزر گئے

سارے ملامتوں کے تیر جن کا ہدف بنے تھے ہم

اپنے لیے وہ تیر بھی کام دعا کا کر گئے

آج تو تیری یاد بھی مرہم دل نہ ہو سکی

زخم ضرور دب گئے داغ مگر ابھر گئے

دشت توہمات میں اپنی صدا ہے اور ہم

حسن یقیں کے قافلے کس سے کہیں کدھر گئے

وقت کے قافلے میں جب کوئی نہ ہم سفر ملا

بن کے غبار رہ گزر دشت میں ہم بکھر گئے

تو اپنے پندار کی خبر لے کہ رخ ہوا کا بدل رہا ہے (غزل)

تو اپنے پندار کی خبر لے کہ رخ ہوا کا بدل رہا ہے

تری نظر سے بہکنے والا فریب کھا کر سنبھل رہا ہے

یہی ہے دستور شہر ہستی کہ جو نیا ہے وہی پرانا

حیات انگڑائی لے رہی ہے زمانہ کروٹ بدل رہا ہے

رہ طلب میں جنوں نے اکثر شعور کو آئینہ دکھایا

جسے تھا عذر شکستہ پائی وہ اب ستاروں پہ چل رہا ہے

ہمیں یہ طعنے نہ دو کہ ہم نے زمانہ سازی کے گر نہ سیکھے

کہ رفتہ رفتہ مزاج دنیا ہمارے سانچے میں ڈھل رہا ہے

تری اداؤں کی سادگی میں کسی کو محسوس بھی نہ ہوگا

ابھی قیامت کا اک کرشمہ حیا کے دامن میں پل رہا ہے

کسی میں ہمت نہ تھی کہ بڑھ کر جنوں کی زنجیر تھام لیتا

خرد کی بستی میں ہے اندھیرا چراغ صحرا میں جل رہا ہے

ہزار شیوے تھے گفتگو کے ہزار انداز تھے سخن کے

مگر بہ ایمائے دل فریدیؔ فدائے رنگ غزل رہا ہے

مزید غزلیں از Moghisuddin Fareedi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں