پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد تحسین اسرار کی غزلیں — Mohaamad Tahseen Asrar Ghazals

محمد تحسین اسرار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے یوں پرچم معیار اٹھا رکھا ہے (غزل)

ہم نے یوں پرچم معیار اٹھا رکھا ہے

کاغذی پھولوں سے گھر اپنا سجا رکھا ہے

سب پہ چھایا ہوا ہے رعب ستم گاری کا

دل میں لوگوں نے کہاں خوف خدا رکھا ہے

اپنا حق مانگنا کیا جرم کوئی ہے آخر

تم نے اس بات پہ کیوں حشر اٹھا رکھا ہے

وہ جو غافل ہے یہاں جذبۂ ہمدردی سے

نام کیوں اس کا بھلا اہل وفا رکھا ہے

میں ترا ظلم نہیں بھولا مگر تیرے لیے

آج بھی ذہن کا دروازہ کھلا رکھا ہے

جانتا ہے وہ مری عزت و توقیر ہے کیا

جس نے نیزے پہ مرے سر کو اٹھا رکھا ہے

تم کو معلوم ہے کیا اپنی حقیقت اسرارؔ

خود کو آئینے سے کیوں تم نے بچا رکھا ہے

کھلی فضا میں پرندوں پہ وار مت کرنا (غزل)

کھلی فضا میں پرندوں پہ وار مت کرنا

یہ ظالمانہ روش اختیار مت کرنا

نگاہ اہل محبت میں دل ہے آئینہ

اس آئنے کو کبھی داغدار مت کرنا

ہمیشہ خون کے آنسو رلائے گا تم کو

جو خود غرض ہو بہت اس سے پیار مت کرنا

کسی بھی شخص پہ کر لینا تم یقیں لیکن

مسافروں کا کبھی اعتبار مت کرنا

حصول زر کی تمنا میں اتنا یاد رہے

کسی کا دامن جاں تار تار مت کرنا

پھسل گئے ہیں جو لمحے تمہارے ہاتھوں سے

پلٹ کے آئیں گے یہ انتظار مت کرنا

تمہارے پیار پہ جس کو بہت بھروسہ ہو

اسے خدا کے لئے اشک بار مت کرنا

تمہارے واسطے جو باعث ندامت ہو

کوئی بھی ایسا عمل اختیار مت کرنا

یہ اور بات کہ اسرارؔ جلد آ نہ سکے

تم اپنے دل کو بہت بے قرار مت کرنا

مزید غزلیں از محمد تحسین اسرار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں