Modassir Hasan کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں عشق کر نہ سکوں گا نیا حسیں لڑکی (غزل)
میں عشق کر نہ سکوں گا نیا حسیں لڑکی
ہنوز ذہن میں ہے سابقہ حسیں لڑکی
بضد نہ ہو کہ اداسی تجھے بھی آ لے گی
تجھے پتا ہی نہیں دکھ مرا حسیں لڑکی
ترس نہ کھا مری حالت پہ اشک بار نہ ہو
کہا بھی تھا نا تجھے لوٹ جا حسیں لڑکی
پلیز بات سمجھ مجھ سے اب نہیں ہوگا
نہ کر سکوں گا ترا حق ادا حسیں لڑکی
سمجھ رہا ہوں تجھے پر میں چاہتا ہی نہیں
کتاب حسن ہو دیمک زدہ حسیں لڑکی
مدثرؔ اس سے کہو جا کے اس کو سمجھائے
کوئی نہ آئے گا اس کی جگہ حسیں لڑکی
اداس رت کے ٹھہرنے کا دکھ سمجھتے ہو (غزل)
اداس رت کے ٹھہرنے کا دکھ سمجھتے ہو
چلو کہ تم بھی بکھرنے کا دکھ سمجھتے ہو
سنا تو دوں تمہیں قصہ مری محبت کا
اک ایک زخم ابھرنے کا دکھ سمجھتے ہو
کسی کو سر پہ بٹھایا ہے کیا کبھی تم نے
کسی کے دل سے اترنے کا دکھ سمجھتے ہو
تمام راستے جن پر چلے تھے ہم دونوں
اب ان سے تنہا گزرنے کا دکھ سمجھتے ہو
حسیں لباس میں بھی خوش نہیں ہے وہ دلہن
بغیر مرضی سنورنے کا دکھ سمجھتے ہو