معظم عزم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وقت بدلا لوگ بدلے اب کہاں وہ مستیاں (غزل)
وقت بدلا لوگ بدلے اب کہاں وہ مستیاں
جب کوئی لے چھیڑتا تھا جھومتی تھیں ہستیاں
نفرتوں کی پشت پر ہیں اونچی اونچی ہستیاں
اب محبت کی حفاظت کر رہی ہیں پستیاں
ڈوبنے والے تھے جب ہم اک سہارا بھی نہ تھا
جیسے ہی ساحل پہ آئے گھیر بیٹھیں کشتیاں
میری خودداری ہے تنہا اس ہجوم حرص میں
دیکھیے صف میں کھڑی ہیں کیسی کیسی ہستیاں
کیا پتا دل کے کنارے اس جگہ پر جا ملیں
جس طرف کو چل پڑی ہیں زندگی کی کشتیاں
لے کے آیا جیتنے کا عزم دریا پار وہ
جس نے ساحل پر پہنچ کر پھونک دی ہیں کشتیاں
اک ایسی انوکھی زباں جانتا ہوں (غزل)
اک ایسی انوکھی زباں جانتا ہوں
کہ ہر زخم کی داستاں جانتا ہوں
نہیں کوئی شے درمیاں جانتا ہوں
فقط میں زمیں آسماں جانتا ہوں
یوں ہی بات ہوتی نہیں ہے غزل سے
اشاروں کی طرز بیاں جانتا ہوں
بہاروں کا ضامن جو سب کے لئے ہے
اسی کو میں دور خزاں جانتا ہوں
کریں گے نہ پھولوں کی بارش کبھی وہ
کہ جن کو میں تیر و کماں جانتا ہوں
مرا عزم سارے زمانے سے اعلیٰ
کسے ہے یہ وہم و گماں جانتا ہوں