Miskeen Shah کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرا شاہد وہ ہمیں عیار آتا ہے نظر (غزل)
میرا شاہد وہ ہمیں عیار آتا ہے نظر
ہم کو ہم پاتے نہیں جب یار آتا ہے نظر
کثرت شوق محبت میں مجھے ہر طرح سے
جس طرف دیکھوں رخ دل دار آتا ہے نظر
جان کا دھوکا ہمیں ہوتا ہے راہ عشق میں
مرگ کا ہر ایک دم آثار آتا ہے نظر
داغ ہجراں کے سوا لایا نہ کوئے یار سے
جو کوئی اس راہ کا بیمار آتا ہے نظر
پا برہنہ سینہ بریاں ہے تن عریاں وہی
جو کہ اس کا عاشق سرشار آتا ہے نظر
راہ سے دیر و حرم کی ہے جو کوئے یار میں
ہے وہی دیں دار گر کفار آتا ہے نظر
بعد مدت گردش تسبیح سے مسکیںؔ ہمیں
دانۂ تسبیح میں زنار آتا ہے نظر
نہیں ہے مجھ کو اے جمشید تیرے جام سے کام (غزل)
نہیں ہے مجھ کو اے جمشید تیرے جام سے کام
جہاں نما ہے مجھے اپنے خوش خرام سے کام
سبھی تو دین و دنیا کا کام کرتے ہیں
مجھے نہ دین نہ دنیا کے انتظام سے کام
حرم میں شیخ ہیں اور دیر میں برہمن ہیں
ہمیں نہیں ہے انہوں کے کوئی کلام سے کام
کنشت دل میں ہے اک جوش بت پرستی کا
مجھے بتوں کی ہے خدمت میں رام رام سے کام
غرض نہ کفر سے کچھ ہے نہ دین سے مطلب
نہ ہے حلال سے نا ہے ہمیں حرام سے کام
صنم کے روبرو رہنا مجھے غنیمت ہے
نہ شرم ننگ سے کچھ ہے مجھے نہ نام سے کام
خفا بھی ہو کے جو دیکھے تو سر نثار کروں
اگر نہ دیکھے تو پھر بھی ہے اک سلام سے کام
سنا سنا کے جو کرتا ہے وعظ حسن بیاں
پڑا ہے تجھ کو ہمیشہ یہ فہم خام سے کام
تو اپنے بکنے سے مسکیںؔ نہ ہم سے دور ہوا
تجھے تو بکنے سے مجھ کو ہے اپنے کام سے کام