پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مصداق اعظمی کی غزلیں — Misdaque Azmi Ghazals

مصداق اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صبح کا منظر ہے لیکن گل کوئی تازہ نہیں (غزل)

صبح کا منظر ہے لیکن گل کوئی تازہ نہیں

روئے گلشن پر کہیں بھی اوس کا غازہ نہیں

ٹوٹ کر ہم چاہنے والوں سے جب بچھڑیں گے آپ

ہم ہی ہم بکھریں گے لیکن مثل شیرازہ نہیں

غار والوں کی طرح نکلا ہے وہ کمرے سے آج

اس کو اس دنیا کی تبدیلی کا اندازہ نہیں

کچھ نہ کچھ کہتے تو رہتے ہیں یہاں ہم لوگ جی

پھر بھی اس شہر بتاں میں کئی آوازہ نہیں

اس عمارت کے مقدر کی لکیروں میں کہیں

کھڑکیاں تو ہیں مگر مصداقؔ دروازہ نہیں

وقت کے ظالم سمندر میں پریشانی کے ساتھ (غزل)

وقت کے ظالم سمندر میں پریشانی کے ساتھ

ڈوب جاتا ہے کوئی کیوں اتنی آسانی کے ساتھ

میری سانسوں کی مہک کا بھی بہت چرچا ہوا

رات جب میں نے گزاری رات کی رانی کے ساتھ

میں وہی ہوں اور میرا مرتبہ مجھ سے بلند

نام اپنا لے رہا ہوں میں بھی حیرانی کے ساتھ

میں نے تو کچھ آستیں کے سانپ گنوائے تھے بس

تم نے کیوں آنکھیں ملائی ہیں پشیمانی کے ساتھ

کربلا والے اگر ہیں محترم تو محترم

نوش مت جام شہادت کیجئے پانی کے ساتھ

اک تبسم کا بھرم آباد ہونٹوں پر کئے

جی رہے ہیں لوگ اپنی اپنی ویرانی کے ساتھ

مر گیا مصداقؔ بھی سلطان ٹیپو کی طرح

دیکھ کر ہم راز اپنا دشمن جانی کے ساتھ

جو تیری نیندوں کو جاگتا تھا (نظم)

جو تیری نیندوں کو جاگتا تھا

جو تیری کھانسی کو کھانستا تھا

جو تیری بارش کو بھیگتا تھا

جو تیری سردی کو ہانپتا تھا

جو اپنے حصے کے سارے لقمے

تجھے کھلا کے ڈکارتا تھا

جو اپنے ہاتھوں کے سخت چھالے

چھپا کے تجھ کو دلارتا تھا

جو اپنے کپڑوں میں تیرے کپڑے کے

ناپ رکھ رکھ کے ناپتا تھا

جو تیرے زنداں کی قید تجھ کو

رہائی دے کر کے کاٹتا تھا

جو تیرے آنسو کو اپنی آنکھوں سے

سوچتا تھا اور پوچھتا تھا

تجھے چلانے کے واسطے جو

ہر ایک موسم میں دوڑتا تھا

وہی یہ بوڑھا

وہی یہ لاغر

وہی اپاہج

وہی یہ پاگل

وہی یہ وحشی

وہی یہ بھوکا

وہی یہ ننگا

وہی نکما

ہے باپ تیرا

مزید غزلیں از مصداق اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں