Misaqurrahman Azeem کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے دلی بے بسی بے کلی رات دن (غزل)
بے دلی بے بسی بے کلی رات دن
جستجو بس سکوں کی رہی رات دن
کہہ نہ پایا کبھی لب سے میں حال دل
پر صدا دیتی تھی خامشی رات دن
چھوڑ ناراضگی کو تو آ میرے پاس
اب ستاتی ہے تیری کمی رات دن
نامکمل رہے تیرے قول و قرار
''کشمکش میں رہی زندگی رات دن''
یوں دکھائی ہے صحرا نے موج سراب
رہتی ہے لب پہ اب تشنگی رات دن
بیٹے بھی ماؤں سے دور ہونے لگے
جب ڈرانے لگی مفلسی رات دن
پی لیا جام میثاقؔ جب آنکھوں کا
اور بڑھتی گئی بے خودی رات دن
کون کہتا ہے پرائے ہو گئے (غزل)
کون کہتا ہے پرائے ہو گئے
''جیسے وہ تھے ہم بھی ویسے ہو گئے''
جب لگایا اس نے مرہم پیار سے
زخم سارے میرے تازے ہو گئے
مفلسی نے ہم سے چھینا آشیاں
چھوڑ کر گھر کو اکیلے ہو گئے
تم سے ملنے کی ہے اب خواہش مری
جو تھے اپنے سب پرائے ہو گئے
آرزو تو اب کسی شے کی نہیں
ہم بھی اب شاید سیانے ہو گئے
رنگ جب میثاقؔ محفل کا کھلا
مسکرا کر ہم کنارے ہو گئے