پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Misam Haidar کی غزلیں — Misam Haidar Ghazals

Misam Haidar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مکین گھر سے نکل کر ہی خوش ہوئے ہوں گے (غزل)

مکین گھر سے نکل کر ہی خوش ہوئے ہوں گے

پرانے شہر کے رستے نئے بنے ہوں گے

نئے ظروف میں ڈھلنا کسے نصیب ہوا

مگر وہ لوگ جو مٹی میں مل گئے ہوں گے

ادھورے خواب بھی کتنی بڑی اذیت ہیں

تمام عمر جنہیں دیکھتے رہے ہوں گے

جنہیں جنہیں بھی تمہاری کمی رہی ہوگی

بہشت جا کے بھی شکوہ کناں رہے ہوں گے

ہمیں خرید لیا ہوگا پھر کسی نے کہیں

کسی کو مال غنیمت میں مل گئے ہوں گے

وہ احترام سے خنجر بکف ہوا ہوگا

یہ زخم ہم نے مروت میں لے لیے ہوں گے

بدن کو اوڑھ کے یا بے بدن تماشہ کر (غزل)

بدن کو اوڑھ کے یا بے بدن تماشہ کر

اداس شہر کے شیریں سخن تماشہ کر

ہجوم گریہ گزیدہ کو اور غم نہ دکھا

اتار کڑیاں پہن پیرہن تماشہ کر

حیات دیکھنے آتے ہیں لوگ رونے نہیں

ہنسی خوشی سے فقیر زمن تماشہ کر

کسی پہ بار جنوں ہے کسی پہ بار حیات

تھکے ہوؤں کے لیے بے تھکن تماشہ کر

مزاج خلقت و خالق بحال ہو جائے

سجا کے خاک مکین عدن تماشہ کر

بڑے نصیب سے ملتا ہے قریۂ گل بھی

اے ریگ صحرا بہ روئے چمن تماشہ کر

جواز خود ہے تماشہ تماشہ کرنے کو

خوشی ہو غم ہو کہ رنج و محن تماشہ کر

سب اپنے اپنے تماشے میں محو ہیں میسمؔ

سو تو بھی آ کے سر انجمن تماشہ کر

مزید غزلیں از Misam Haidar ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں