مرزا ظفر اللہ ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرا دل تجھ سے دکھا ہے تجھے معلوم نہیں (غزل)
میرا دل تجھ سے دکھا ہے تجھے معلوم نہیں
کس قدر تجھ سے گلہ ہے تجھے معلوم نہیں
تو نیا زخم لگانے کو چلا ہے لیکن
زخم پہلا بھی ہرا ہے تجھے معلوم نہیں
میں نے اک موج تبسم کی تمنا میں اے دوست
کس قدر درد سہا ہے تجھے معلوم نہیں
میرے جس زخم کو تو دیکھ کے چونکا ہے ابھی
تیرا اپنا ہی دیا ہے تجھے معلوم نہیں
میرے لٹنے کا سبب سب کو ہے معلوم مگر
میں نے لوگوں سے سنا ہے تجھے معلوم نہیں
تیری آنکھوں نے تو دیکھا مرے چہرے کا سکوت
دل میں اک حشر بپا ہے تجھے معلوم نہیں
پاس اپنے بھی تو پہلے سے وہ جذبات نہیں (غزل)
پاس اپنے بھی تو پہلے سے وہ جذبات نہیں
دوش رہبر ہی کو دینا تو بھلی بات نہیں
میری نظروں میں طرف دار ہے وہ جھوٹ کا بس
وہ جو کہتا ہے کہ سچ کہنے کے حالات نہیں
میرے لہجے میں بھلا کس لیے لرزش ہوگی
میں نے حق مانگا ہے سلطان سے خیرات نہیں
مات مجھ کو ہوئی اپنی ہی خطا سے ورنہ
میری تقدیر میں اے دوست کہیں مات نہیں
پھر کبھی وقت نکالو کہ ملیں جی بھر کے
مختصر سی یہ ملاقات ملاقات نہیں
دل نہ ٹوٹے کبھی تیرا یہ دعا ہے میری
تو نے توڑا ہے مرا دل تو کوئی بات نہیں
وہ مجھے چھوڑ گیا ہے تو یہ لگتا ہے ظفرؔ
دن بھی پہلا سا نہیں رات بھی وہ رات نہیں