پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا ظہیرالدین اظفری کی غزلیں — Mirza Zahirddin Azfari Ghazals

مرزا ظہیرالدین اظفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھ میں جس دم دھیان جاتا ہے (غزل)

تجھ میں جس دم دھیان جاتا ہے

ہوش آیا اس آن جاتا ہے

دل مرا گم ہوا صنم اللہ

تجھ پہ میرا گمان جانا ہے

تیرے مژگاں کی کیا کروں تعریف

تیر یہ بے کمان جاتا ہے

ہائے ظالم ہوں نیم جاں ٹک دیکھ

ہاتھ سے اک جوان جاتا ہے

سج مرے شوخ کی ذرا دیکھو

جیسے بانکا پٹھان جاتا ہے

کیا ہے تو نے تو جان جہاں جہاں تسخیر (غزل)

کیا ہے تو نے تو جان جہاں جہاں تسخیر

ہوا ہے حسن کا شہرہ ترا تو عالم گیر

نہا کے بال جو سرکائے گورے چہرہ سے

تو جیسے چاند نکل آیا کالی بدری چیر

نہ خوب رو تجھے کہہ سکتے ہیں نہ مہر نہ ماہ

عجب گڑھی ید قدرت نے کچھ تری تصویر

جہاں پڑا ترا سایہ اگا وہاں گل زار

قدم دھرا ہے تو جس جا بنا ہے مشک و عبیر

شکار کر لیا سارا جہاں شکار انداز

ہوا ہے پار نگہ سے تری نگاہ کا تیر

ہوے نہ ذبح نہ فتراک تک یہ جا پہنچے

ادھر ادھر ہیں تڑپتے یہ نیم جاں نخچیر

ہے اظفریؔ وہ سیہ بخت سانپ کاٹا بھی

پڑی ہے زلف کی آ جس کے پاؤں میں زنجیر