پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا رضا برق ؔ کی غزلیں — Mirza Raza Barq Ghazals

مرزا رضا برق ؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے صنم وصل کی تدبیروں سے کیا ہوتا ہے (غزل)

اے صنم وصل کی تدبیروں سے کیا ہوتا ہے

وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے

نہیں بچتا نہیں بچتا نہیں بچتا عاشق

پوچھتے کیا ہو شب ہجر میں کیا ہوتا ہے

بے اثر نالے نہیں آپ کا ڈر ہے مجھ کو

ابھی کہہ دیجیے پھر دیکھیے کیا ہوتا ہے

کیوں نہ تشبیہ اسے زلف سے دیں عاشق زار

واقعی طول شب ہجر بلا ہوتا ہے

یوں تکبر نہ کرو ہم بھی ہیں بندے اس کے

سجدے بت کرتے ہیں حامی جو خدا ہوتا ہے

برقؔ افتادہ وہ ہوں سلطنت عالم میں

تاج سر عجز سے نقش کف پا ہوتا ہے

مثال تار نظر کیا نظر نہیں آتا (غزل)

مثال تار نظر کیا نظر نہیں آتا

کبھی خیال میں موئے کمر نہیں آتا

ہمارے عیب نے بے عیب کر دیا ہم کو

یہی ہنر ہے کہ کوئی ہنر نہیں آتا

محال ہے کہ مرے گھر وہ رات کو آئے

کہ شب کو مہر درخشاں نظر نہیں آتا

تمام خلق میں رہتی ہے دھوپ راتوں کو

وہ مہر بام سے جب تک اتر نہیں آتا

محال ہے کہ جہنم میں خلد سے جائیں

جو در پر آپ کے جاتا ہے گھر نہیں آتا

ہماری زیست میں تھے ساتھ کون کون اے برقؔ

اب ایک فاتحہ کو قبر پر نہیں آتا

مزید غزلیں از مرزا رضا برق ؔ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں