پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا رحیم الدین حیا کی غزلیں — Mirza Rahimuddin Haya Ghazals

مرزا رحیم الدین حیا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم بھی دیکھیں گے کہ آنا ترا کیونکر نہ ہوا (غزل)

ہم بھی دیکھیں گے کہ آنا ترا کیونکر نہ ہوا

یہ بھی اک کھیل ہوا فتنۂ محشر نہ ہوا

ہم ہی تھے خاک کے پتلے کہ ہوئے جل کر خاک

اے فلک اور کوئی تجھ کو میسر نہ ہوا

وائے ناکامئ قسمت کہ کبھی حلق اپنا

قابل خنجر و شمشیر ستم گر نہ ہوا

ہم نہ کہتے تھے کیا کر نہ سدا شور‌ و فغاں

انہیں باتوں سے ٹھکانا دل مضطر نہ ہوا

میری وحشت نے کیا حشر میں ہنگامہ سا

چاک سو جائے سے کم دامن محشر نہ ہوا

حسرت اس عاشق ناشاد پہ جس کا یہ حال

نہ ہوا وصل بتاں اور اسے دوبھر نہ ہوا

ہم تو کہتے تھے دلا جی کا لگانا ہے برا

آخرش آگے وہ آیا نہ کہ بہتر نہ ہوا

آب شمشیر ترا کام نہ آیا اپنے

دہن خشک و لب تشنہ گلو تر نہ ہوا

قسمت غیر ہی اچھی ہے کہ ہر دم ہے وصال

ہم سے تو حشر کا بھی وعدہ مقرر نہ ہوا

سختیاں تھیں میرے قسمت کی تری الفت میں

پیٹنا جاں کا کسی دن بت کافر نہ ہوا

ہیں یہ سامان شب عیش کے ناحق طعنے

کب تم آئے تھے کہ کچھ مجھ کو میسر نہ ہوا

جرم یک بوسہ ابرو پہ کئے دو ٹکڑے

ظلم یہ شکوہ یہ باقی کہ برابر نہ ہوا

گھر میں جاتی نہیں پہچانی تری شکل حیاؔ

اس پہ حسرت کہ در یار پہ بستر نہ ہوا

موت ہی چارہ ساز فرقت ہے (غزل)

موت ہی چارہ ساز فرقت ہے

رنج مرنے کا مجھ کو راحت ہے

ہو چکا وصل وقت رخصت ہے

اے اجل جلد آ کہ فرصت ہے

روز کی داد کون دیوے گا

ظلم کرنا تمہاری عادت ہے

کارواں عمر کا ہے رخت بدوش

ہر نفس بانگ کوس رحلت ہے

سانس اک پھانس سی کھٹکتی ہے

دم نکلتا نہیں مصیبت ہے

تم بھی اپنے حیاؔ کو دیکھ آؤ

آج اس کی کچھ اور حالت ہے

مزید غزلیں از مرزا رحیم الدین حیا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں