پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مراق مرزا کی غزلیں — Miraq Mirza Ghazals

مراق مرزا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مشکل تری اڑان ہے سورج نظر میں رکھ (غزل)

مشکل تری اڑان ہے سورج نظر میں رکھ

تاریک آسمان ہے سورج نظر میں رکھ

جانا ہے روشنی کی طرف لوٹ کر تجھے

دو پل کا یہ جہان ہے سورج نظر میں رکھ

بے رنگ اس کے پھول ہیں بے نور ہر شجر

جنگل یہ گلستان ہے سورج نظر میں رکھ

یہ ارض بے ثبات ہے ہر موڑ پر یہاں

ظلمت کا ارسلان ہے سورج نظر میں رکھ

ہر رہ گزر میں ظلم و ستم کا ہی راج ہے

یہ شہر بے امان ہے سورج نظر میں رکھ

دنیا پل صراط سے کچھ کم نہیں مراقؔ

ہر پل اک امتحان ہے سورج نظر میں رکھ

وقت کی وسعت میں روشن ہر نشاں سورج کا ہے (غزل)

وقت کی وسعت میں روشن ہر نشاں سورج کا ہے

ہر زمیں سورج کی ہے ہر آسماں سورج کا ہے

اس کے حرف و لفظ میں پوشیدہ ہے راز حیات

تا قیامت رہنے والا ارمغاں سورج کا ہے

زندگی کی ہر کہانی ہے اجالوں سے جڑی

کہکشاں آتش فشاں اور شائگاں سورج کا ہے

ان سلگتے پربتوں میں دیکھیے اس کے نقوش

ہیں شرارے بھی اسی کے اور دھواں سورج کا ہے

ہیں اسی کے رنگ بکھرے آسماں در آسماں

اور زمیں کی گود میں گنج رواں سورج کا ہے

وہ مٹا دے یا کرا دے پار صحرا کے مراقؔ

میں تو ہوں محو سفر اب امتحاں سورج کا ہے

مزید غزلیں از مراق مرزا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں