مراش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بستی سے شاعری کی برہ کر کے آئے ہیں (غزل)
بستی سے شاعری کی برہ کر کے آئے ہیں
واپس نہ آئیں گے کبھی کہہ کر کے آئے ہیں
اس جیوتشا کی زلف سے الجھے شب فراق
اپنا مقدر آپ سیہ کر کے آئے ہیں
لگتا ہے دیکھنے میں کہ ٹکڑے جگر کے ہیں
اشکوں کے ساتھ درد جو بہہ کر کے آئے ہیں
گننے تھے داغ دل سر آئینۂ فلک
پر روئے آفتاب سیہ کر کے آئے ہیں
اک دم ہماری دربدری پر نہ جا مراشؔ
اک عمر شہر عشق میں رہ کر کے آئے ہیں
دھڑکنیں رکنے کا کھٹکا ہے ابھی (غزل)
دھڑکنیں رکنے کا کھٹکا ہے ابھی
دل کسی لمحے میں اٹکا ہے ابھی
من مرا جنگل میں بھٹکا ہے ابھی
اور ارادہ بھی پلٹ کا ہے ابھی
عشق اک دم کر دیا اس نے حلال
ہاتھ جس غصے سے جھٹکا ہے ابھی
کیا پتا کر دے بدن کو باغ باغ
غنچۂ بوسہ جو چٹکا ہے ابھی
اب بھی زندہ ہے وسرجن کی امید
پریم تٹ پر ایک مٹکا ہے ابھی
جلد کوئی روپ دھارن کر مراشؔ
یہ سمے کایا پلٹ کا ہے ابھی
مزید غزلیں از مراش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں