میر سجاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل ہو گیا پھپھولا پیارے تمام جل کے (غزل)
دل ہو گیا پھپھولا پیارے تمام جل کے
کیا تجھ نہال سے ہوں امیدوار پھل کے
تنہا نہ دل مرے نے زلفوں سے تاب کھایا
گلشن کے بیج سنبل کھاتا ہے تاب بل کے
ایسے ترے جھمکتے دانتوں کو دیکھ پیارے
پانی ہو جائے موتی مارے نہ کیوں کہ جھلکے
کیا جانتا تھا مجھ کو رسوا کریں گے سب میں
یہ طفل اشک میرے آنکھوں کے بیچ پل کے
کہیں ہم نہ ہوں گے تو کیا کیجئے گا (غزل)
کہیں ہم نہ ہوں گے تو کیا کیجئے گا
کسی اور سے دل لگا لیجئے گا
مری یاد آئے تو لوگوں سے بچ کر
اکیلے میں آنسو بہا لیجئے گا
اگر پیاس سے میں لب جان ٹھہروں
نگاہوں سے تھوڑا پلا دیجئے گا
اگر پھر کسی موڑ پر سامنا ہو
ذرا پیار سے مسکرا دیجئے گا
سلامت رہے آپ کی بے وفائی
ہمارے لیے بھی دعا کیجئے گا
ہمیں آپ کی دوستی پر یقیں ہے
جو چاہے گا دل وہ سزا دیجئے گا
ہمارے طبیب محبت سے کہنا
ذرا دل لگا کر دوا کیجئے گا
بھری بزم سے اٹھ کے سجادؔ صاحب
دیا گھر کے اندر جلا لیجئے گا