Miqdad Ahsan کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب ترے لوٹنے کی آس نہیں (غزل)
اب ترے لوٹنے کی آس نہیں
اس لیے بھی یہ دل اداس نہیں
کچھ نہیں چاہیے کسی سے مجھے
اور کچھ بھی کسی کے پاس نہیں
جتنی بے چارگی ہے لہجے میں
حکم سمجھوں گا التماس نہیں
صبر کا پھل تو مل گیا ہے مجھے
لیکن اس میں ذرا مٹھاس نہیں
جتنے ناخن بڑھا چکی ہے وہ
میرے سینے پہ اتنا ماس نہیں
میں نے بے عزتی نہیں کی تھی
ویسے عزت بھی اس کو راس نہیں
چراغ جلنے لگے تو ہوا نہیں دیتا (غزل)
چراغ جلنے لگے تو ہوا نہیں دیتا
فقیر ہوں میں کبھی بد دعا نہیں دیتا
تو کیا اسی لیے دنیا نہیں توازن میں
وہ جرم دیکھ کے فوراً سزا نہیں دیتا
تو ایک بار تو کہتا کہ کاش ایسا ہو
میں آسمان زمیں سے ملا نہیں دیتا
ضرور لطف کا پہلو ہے میرے جلنے میں
وگرنہ اٹھ کے مجھے وہ بجھا نہیں دیتا
یہ کتنا واضح اشارہ ہے بخت ڈھلنے کا
میں بھیک دوں تو بھکاری دعا نہیں دیتا
میں خالی ہاتھ کبھی لوٹتا نہیں مقدادؔ
مجھے خوشی کے علاوہ وہ کیا نہیں دیتا