مدحت الاختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے والے مجھے کچھ اپنی نشانی دے جا (غزل)
جانے والے مجھے کچھ اپنی نشانی دے جا
روح پیاسی نہ رہے آنکھ میں پانی دے جا
وقت کے ساتھ خد و خال بدل جاتے ہیں
جو نہ بدلے وہی تصویر پرانی دے جا
ترے ماتھے پہ مرا نام چمکتا تھا کبھی
ان دنوں کی کوئی پہچان پرانی دے جا
جس کی آغوش میں کٹ جائیں ہزاروں راتیں
میری تنہائی کو چھو کر وہ کہانی دے جا
رکھ نہ محروم خود اپنی ہی رفاقت سے مجھے
آئنہ مجھ کو دکھا دے مرا ثانی دے جا
تم مل گئے تو کوئی گلہ اب نہیں رہا (غزل)
تم مل گئے تو کوئی گلہ اب نہیں رہا
میں اپنی زندگی سے خفا اب نہیں رہا
پہلے مری نگاہ میں دنیا حقیر تھی
میں اپنے ساتھیوں سے جدا اب نہیں رہا
اب بھی اسی درخت کے نیچے ملیں گے ہم
سایہ اگرچہ اس کا گھنا اب نہیں رہا
تیرے قدم نے جان کہانی میں ڈال دی
قصہ ہمارا بے سر و پا اب نہیں رہا
اب میری اپنے آخری دشمن سے جنگ ہے
میداں میں کوئی میرے سوا اب نہیں رہا
ہم کو اسی دیار کی مٹی ہوئی عزیز
نقشے میں جس کا نام پتہ اب نہیں رہا