پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Meraj Ahmad Meraj کی غزلیں — Meraj Ahmad Meraj Ghazals

Meraj Ahmad Meraj کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن کی سر پھری پروائی سے ڈر لگتا ہے (غزل)

حسن کی سر پھری پروائی سے ڈر لگتا ہے

اک جواں پیڑ ہوں تنہائی سے ڈر لگتا ہے

گھر کی تقسیم وصیت کے مطابق ہوگی

پھر بھی کیوں مجھ کو سگے بھائی سے ڈر لگتا ہے

توڑ دے جو مجھے سوکھی ہوئی لکڑی کی طرح

ایسے جذبات کی انگڑائی سے ڈر لگتا ہے

اس قدر جھوٹ مسلط ہے ابھی دنیا پر

آج ہر شخص کو سچائی سے ڈر لگتا ہے

کچھ چٹانوں نے سنبھالا ہے پہاڑوں کا وقار

کچھ چٹانوں کو مگر رائی سے ڈر لگتا ہے

داد و تحسین بری چیز نہیں ہے معراجؔ

بس مجھے حاشیہ آرائی سے ڈر لگتا ہے

مٹا کے سارے یقیں کے نشان رکھ دے گا (غزل)

مٹا کے سارے یقیں کے نشان رکھ دے گا

بدل کے وہ یوں تمہارا جہان رکھ دے گا

تم اپنی بات نہیں کہہ سکو گے دنیا سے

تمہارے منہ میں وہ اپنی زبان رکھ دے گا

وہ نوچ لے گا تمہارے تمام بال و پر

اڑان کے لئے پھر آسمان رکھ دے گا

منار و گنبد و محراب توڑ دے گا وہ

بدل کے نقشۂ ہندوستان رکھ دے گا

گلوں کے حسن کو رسوا کرے گا ہر سو وہ

ملا کے خاک میں گلشن کی شان رکھ دے گا

ستم گروں کو نوازے گا اپنی رحمت سے

پھر ان کا نام بھی وہ مہربان رکھ دے گا

وہ میرے جوش سفر پر کرے گا شک معراجؔ

قدم قدم پہ مرے امتحان رکھ دے گا

مزید غزلیں از Meraj Ahmad Meraj ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں