Mela Ram Wafa کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی درد مند کی ہوں صدا کسی دل جلے کی پکار ہوں (غزل)
کسی درد مند کی ہوں صدا کسی دل جلے کی پکار ہوں
جو بگڑ گیا وہ نصیب ہوں جو اجڑ گئی وہ بہار ہوں
کوئی مجھ پہ پھول چڑھائے کیوں کوئی مجھ پہ شمع جلائے کیوں
کوئی میرے پاس بھی آئے کیوں کہ میں حسرتوں کا مزار ہوں
بھلا مجھ پہ ڈھائیں تو ڈھائیں کیا ستم اب زمانے کی آندھیاں
میں بجھا ہوا سا چراغ ہوں میں مٹا ہوا سا غبار ہوں
کہوں کیا ہے کیا مری زندگی یہ ہے زندگی کوئی زندگی
وہ ہے دشمن دل و جاں مرا دل و جاں سے جس پہ نثار ہوں
محبت بھی ہوا کرتی ہے دل بھی دل سے ملتا ہے (غزل)
محبت بھی ہوا کرتی ہے دل بھی دل سے ملتا ہے
مگر پھر آدمی کو آدمی مشکل سے ملتا ہے
محبت جب مزہ دیتی ہے دل جب دل سے ملتا ہے
مگر مشکل یہی ہے دل سے دل مشکل سے ملتا ہے
سوائے یاس کیا اس سعیٔ بے حاصل سے ملتا ہے
ترا دل و ستم گر کب کسی کے دل سے ملتا ہے
عجب رقت فضا ہے آخری ملنے کا نظارہ
گلے لگ لگ کے بسمل خنجر قاتل سے ملتا ہے
سرائے دہر میں تانتا بندھا ہے کاروانوں کا
عدم کا اے وفاؔ رستہ اسی منزل سے ملتا ہے
اے فرنگی کبھی سوچا ہے یہ دل میں تو نے (نظم)
اے فرنگی کبھی سوچا ہے یہ دل میں تو نے
اور یہ سوچ کے کچھ تجھ کو حیا بھی آئی
نا مبارک تھا بہت ہند میں آنا تیرا
قحط آیا تیرے ہمراہ وبا بھی آئی
تیرے قدموں سے لگی آئی غلامی ظالم
ساتھ ہی اس کے غریبوں کی بلا بھی آئی
بن گئی باد سموم آہ اثر سے تیرے
اس چمن میں جو کبھی باد صبا بھی آئی
تیری کلچر میں چمک تو ہے مگر اس میں نظر
کبھی کچھ روشنئ صدق و صفا بھی آئی
یہی کلچر سبب پستئ اخلاق ہوئی
ہندیوں میں اسی کلچر سے ریا بھی آئی
جائے شکر اس میں شکایات تری بیداد کی تھی
غم نصیبوں کو اگر یاد خدا بھی آئی
تیری سنگینیں چمکنے لگیں سڑکوں پہ جوں ہی
لب پہ مظلوموں کے فریاد ذرا بھی آئی
درد افلاس کا نیزوں سے کیا تو نے علاج
موت بن کر تیرے ہاتھوں میں شفا بھی آئی
اس روش پر کبھی اے بانیٔ بیداد تجھے
دل کے اندر سے ملامت کی صدا بھی آئی