Mehwar Noori کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی مثال آپ ہے وہ بے مثال ہے (غزل)
اپنی مثال آپ ہے وہ بے مثال ہے
یہ دیکھنا ہے کون مرا ہم خیال ہے
ہر قہقہے میں درد کے ساگر ہیں تہہ نشیں
دیوانہ دیکھنے میں تو آسودہ حال ہے
کب سبزۂ نشاط ہے آسودۂ نظر
ہر سمت سرخ سرخ صلیبوں کا جال ہے
پتھر بدست ملتا ہے ہر شخص شہر میں
آئینہ بن گئے ہیں تو بچنا محال ہے
بربادیٔ حیات پہ محورؔ ہوں خوش بہت
بربادیوں کا میری انہیں بھی خیال ہے
مدہوش کہیں غم کی شرابوں میں ملیں گے (غزل)
مدہوش کہیں غم کی شرابوں میں ملیں گے
فن کار ہیں ہم خانہ خرابوں میں ملیں گے
ناقدریٔ ارباب ہنر آج ہے لیکن
کل بن کے سند ساری کتابوں میں ملیں گے
ٹکرا کے پہاڑوں سے پلٹ آئے گی آواز
خود میرے سوالات جوابوں میں ملیں گے
جو لوگ ہیں دیرینہ روایات کے قاتل
تجدید تعلق کے عذابوں میں ملیں گے
نفرت کے بھنور نے جو ڈبویا ہمیں محورؔ
اب ہم بھی محبت کے سرابوں میں ملیں گے
مزید غزلیں از Mehwar Noori ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں