محشر آفریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لب ساحل سمندر کی فراوانی سے مر جاؤں (غزل)
لب ساحل سمندر کی فراوانی سے مر جاؤں
مجھے وہ پیاس ہے شاید کہ میں پانی سے مر جاؤں
تم اس کو دیکھ کر چھو کر بھی زندہ لوٹ آئے ہو
میں اس کو خواب میں دیکھوں تو حیرانی سے مر جاؤں
میں اتنا سخت جاں ہوں دم بڑی مشکل سے نکلے گا
ذرا تکلیف بڑھ جائے تو آسانی سے مر جاؤں
غنیمت ہے پرندے میری تنہائی سمجھتے ہیں
اگر یہ بھی نہ ہوں تو گھر کے ویرانی سے مر جاؤں
نظر انداز کر مجھ کو ذرا سا کھل کے جینے دے
کہیں ایسا نہ ہو تیری نگہبانی سے مر جاؤں
بہت سے شعر مجھ سے خون تھکواتے ہیں آمد پر
بہت ممکن ہے میں ایک دن غزل خوانی سے مر جاؤں
تری نظروں سے گر کر آج بھی زندہ ہوں میں کیا خوب
تقاضا ہے یہ غیرت کا پشیمانی سے مر جاؤں
اتنا مجبور نہ کر بات بنانے لگ جائیں (غزل)
اتنا مجبور نہ کر بات بنانے لگ جائیں
ہم ترے سر کی قسم جھوٹ ہی کھانے لگ جائیں
اتنے سناٹے پیے میری سماعت نے کہ اب
صرف آواز پہ چاہوں تو نشانے لگ جائیں
چلئے کچھ اور ۔۔۔نہیں آہ شماری ہی سہی
ہم کسی کام تو اس دل کے بہانے لگ جائیں
ہم وہ گم گشت محبت ہیں کہ تم تو کیا ہو
خود کو ہم ڈھونڈنے نکلیں تو زمانے لگ جائیں
خواب کچھ ایسے دکھائے ہیں فقیری نے مجھے
جن کی تعبیر میں شاہوں کے خزانے لگ جائیں
میں اگر اپنی جوانی کے سنا دوں قصے
یہ جو لونڈے ہیں مرے پاؤں دبانے لگ جائیں