پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہربان امروہوی کی غزلیں — Mehrbaan Amrohvi Ghazals

مہربان امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے حالات سے منہ موڑ کے جانے والے (غزل)

میرے حالات سے منہ موڑ کے جانے والے

تجھ سے کچھ پوچھ رہے ہیں یہ زمانے والے

دیکھ کر تجھ کو وہ اب راہ بدل لیتے ہیں

میری آواز سے آواز ملانے والے

تو بھی آ جائے گا حالات کی زد میں اک دن

میری بربادی کے افسانے سنانے والے

جانب شہر وفا سوچ سمجھ کر جانا

لوٹ کے آتے نہیں ہیں وہاں جانے والے

دل کے اس ٹوٹتے رشتے کا بھرم رہ جائے

اک نظر دیکھ لے اے روٹھ کے جانے والے

آ کبھی دیکھ مرا حال‌ جدائی آ کر

غیر کی بزم میں اے ہنسنے ہنسانے والے

وقت سے سیکھا ہے میں نے یہ ہنر جینے کا

خود ہی گر جاتے ہیں اوروں کو گرانے والے

مہرباںؔ دل کا ہے نازک یہ ذرا یاد رہے

اے مرے دل پہ نئے زخم لگانے والے

عشق جب عشق سے لڑا ہوگا (غزل)

عشق جب عشق سے لڑا ہوگا

حادثہ وہ بہت بڑا ہوگا

آج پھر آپ ملنے آئے ہیں

پھر کوئی کام آ پڑا ہوگا

کون دیکھے گا پھر مری جانب

جب مرے پاس وہ کھڑا ہوگا

آپ نے منتیں بھی کی ہوں گی

وہ مگر ضد پہ ہی اڑا ہوگا

جتنا آساں سمجھ رہے ہو تم

امتحاں اتنا ہی کڑا ہوگا

آپ نے جو دیا تھا تاج محل

دیکھتا ہوں کہیں پڑا ہوگا

مہرباںؔ تم اگر جو ہو جاؤ

مجھ پہ احسان یہ بڑا ہوگا

مزید غزلیں از مہربان امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں