Mehr Zarreen کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حالات سنورنے میں ذرا دیر لگے گی (غزل)
حالات سنورنے میں ذرا دیر لگے گی
اس زخم کے بھرنے میں ذرا دیر لگے گی
ٹھنڈا نہیں ہو پایا مرا خون ابھی تک
مجھ کو ابھی مرنے میں ذرا دیر لگے گی
ٹھہرو ابھی کچھ دیر مری آنکھوں کے آگے
اوسان بکھرنے میں ذرا دیر لگے گی
ابھرے گا بہ ہر طور ہر اک ڈوبنے والا
مانا کہ ابھرنے میں ذرا دیر لگے گی
جو عظمت انساں کو ستاروں سے ملا دے
اس کام کے کرنے میں ذرا دیر لگے گی
کچھ اس طرح خاموش ہیں سنسان ہیں سڑکیں (غزل)
کچھ اس طرح خاموش ہیں سنسان ہیں سڑکیں
جیسے کسی ویرانے کی مہمان ہیں سڑکیں
اس رمز کو رہ گیر سمجھتے ہیں بخوبی
سب جان کے پہچان کے انجان ہیں سڑکیں
بستی میں بھی کچھ ایسے اندھیرے ہیں جہاں پر
جھلسے ہوئے جسموں کا شبستان ہیں سڑکیں
آرام جنہیں گھر میں میسر نہیں آتا
ہر حال میں ان کے لئے وردان ہیں سڑکیں
محلوں کی یہی سڑکیں بڑھاتی ہیں سدا شان
پھر کس لئے محلوں سے پشیمان ہیں سڑکیں
جو دیکھتے ہیں دن میں حقارت کی نظر سے
مہرؔ ان کے لئے شب میں پرستان ہیں سڑکیں
مطربہ ساز اٹھا رات چلی جائے گی (نظم)
مطربہ ساز اٹھا رات چلی جائے گی
پھر وہی گیت سنا رات چلی جائے گی
شب کی آغوش میں مدہوش ستارے ہوں گے
دل پہ تنہائی کے چلتے ہوئے آرے ہوں گے
صبح پھر ہوگی وہی شوخ نظارے ہوں گے
غم کے ماروں نے کہا رات چلی جائے گی
زلف کھولے ہوئے برسات کا موقع آیا
بعد مدت کے ملاقات کا موقع آیا
ہائے تقدیر سے یہ بات کا موقع آیا
شمع امید جلا رات چلی جائے گی
تجھ کو زرینؔ چمکتے ہوئے تاروں کی قسم
ان مچلتی ہوئی مدہوش بہاروں کی قسم
حسن رنگیں کی قسم چاند ستاروں کی قسم
دل ربا لوٹ بھی آ رات چلی جائے گی