Mehr Husain Naqvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی صورت نہ ان آنکھوں کے اثر سے نکلے (غزل)
کسی صورت نہ ان آنکھوں کے اثر سے نکلے
کتنے ہی رنگ مرے دیدۂ تر سے نکلے
ایک حسیں خواب کی تعبیر میں گھر سے نکلے
ہم اسیران وفا چاہے جدھر سے نکلے
پہلے سرسبز کیا اس نے محبت کا شجر
پھر ثمر سارے اسی ایک شجر سے نکلے
لمس سے اس کے بڑھی اور بھی پرواز جنوں
اس کے ہم راہ جو خوشبو کے سفر سے نکلے
سارے اسرار شب وصل پہ کھلتے ہی گئے
پھر تو اشعار مرے لعل و گہر سے نکلے
پھر کوئی رنگ نمودار ہو صورت سے تری
حسن سارا ہی کسی دست ہنر سے نکلے
بہت ملال تھا لہجے میں سوگواری تھی (غزل)
بہت ملال تھا لہجے میں سوگواری تھی
زمین دل پہ محبت کی حمد جاری تھی
بدل گیا تھا معانی وہ رنجشوں کے سبھی
بلا کا ضبط تھا اس میں اور انکساری تھی
خدائے عالی و برتر سے مانگ رکھی تھی
وہ حاجتیں کہ زمانے سے رازداری تھی
تمام رات پہن کر لباس غم میں نے
تمام رات ترے ہجر میں گزاری تھی
جدید دور کے اپنے کئی تقاضے ہیں
گئے دنوں میں تو جذبوں کی پاسداری تھی
خیال و فکر کے بکھرے ہوئے حوالوں میں (نظم)
خیال و فکر کے بکھرے ہوئے حوالوں میں
وصال ہجر محبت کی سب مثالوں میں
زمیں سے دور کہیں آسماں کے
تاروں میں
لیے یہ عکس اترتا ہے آبشاروں میں
شمار اس کا ہے اکثر ہی
شب گزاروں میں
یہ سوگوار سا لگتا ہے
سوگواروں میں
مگر وہ حسن کا عالم کہ
جب یہ پورا ہو اور
آب و تاب سے ہر بام پر
اتر آئے تو پھر شباب سبھی
کائنات پر اس کا اثر وہ چھوڑے کہ
لمحے اسیر ہو جائیں
کسے خبر ہے کہ دشت سخن کے
ماروں کا
گواہ ہوتا ہے یہ چاند اشک باروں کا
گرہن کھا کے یہ اکثر پیام دیتا ہے
کہ لمحہ بھر کو اگر روشنائی کھو جائے
دوبارہ
نکلو اسی آب و تاب سے نکلو
گھٹو کہیں پہ تو بڑھ کر حسین
ہو جاؤ یہ چاند چودہ کا
کتنا حسین ہوتا ہے
یہ شب کے کتنے ہی اسرار کھول جاتا ہے