محمود راشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قطار میں اگے ہوئے ہرے بھرے درخت ہوں (غزل)
قطار میں اگے ہوئے ہرے بھرے درخت ہوں
ترا گزر جہاں سے ہو دھلے دھلے درخت ہوں
خزاں کا رنگ مشکبو فضا میں کیوں بکھر گیا
میں چاہتا ہوں شہر میں کھلے کھلے درخت ہوں
ہزار ذائقوں کے گیت گنگنائیں باغ میں
ترے جمال سے لدے ہوئے مرے درخت ہوں
فلک پہ مہر نیمروز جگمگائے شان سے
زمیں پہ کچھ نہ ہو مگر بڑے بڑے درخت ہوں
شفق نہائے صبح و شام نیلے آبشار میں
پہاڑ پر چنار اور چیڑ کے درخت ہوں
مقابلہ ہو دوپہر میں گرمیوں کی دھوپ سے
ہمارے گھر کے صحن میں گھنے گھنے درخت ہوں
شام کے باغ میں دل نشیں چہچہے سرخ رو شاخساروں میں گم ہو گئے (غزل)
شام کے باغ میں دل نشیں چہچہے سرخ رو شاخساروں میں گم ہو گئے
چاند نکلا مرے دیکھتے دیکھتے دو پرندے چناروں میں گم ہو گئے
چاندنی کھل اٹھی دشت خاموش تھا کارواں میرے گیتوں سے مدہوش تھا
ریت کے موسموں نے پکارا مگر سارباں لالہ زاروں میں گم ہو گئے
آگ دیکھی جزیرے پہ جلتی ہوئی زیست جاگی کہیں آنکھ ملتی ہوئی
تیز لہروں پہ کشتی مچلنے لگی اور مسافر شراروں میں گم ہو گئے
ایک لشکر ہوا کا دکھائی دیا سوکھی شاخوں کا نوحہ سنائی دیا
زرد پیڑوں سے پتے بچھڑتے ہوئے ماتمی رہ گزاروں میں گم ہو گئے
ہجر کی وادیوں سے گزرتے ہوئے شاہزادے نے دیکھا ٹھٹھرتے ہوئے
اس پری کی جدائی میں کہسار بھی دودھیا برف زاروں میں گم ہو گئے
یوں کناروں کا منظر بدلنے لگا خیمۂ خواب تیزی سے جلنے لگا
نیند کی آب جوؤں میں بہتے ہوئے دو دیے آبشاروں میں گم ہو گئے
زرد آنکھوں کے جنگل میں آزار تھا برگ دل روشنی کا طلبگار تھا
بے کراں تیرگی میں پھسلتے ہوئے میرے آنسو ستاروں میں گم ہو گئے